عطا اللہ تارڑ

پاکستان ایک نعمت ہے جسے ہم نے بڑی مشکل سے حاصل کیا ہے، وزیر اطلاعات

اسلام آباد (عکس آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں مسلمانوں نے قرارداد پاکستان کے مقصد کے لئے بے پناہ قربانیاں دیں، آج ہم یوم قرارداد پاکستان منا کر اس عظیم جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ہمیں یہ کبھی نہیں بھولنا چاہئے کہ پاکستان ایک نعمت ہے جسے ہم نے بڑی مشکل سے حاصل کیا ہے، ہمیں اپنے ملک کے لئے کام کرنے اور اسے ایک مثالی ملک بنانے کے لئے اپنی پوری توانائیاں صرف کرنی چاہئیں۔

ہفتہ کو یوم قرارداد پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج ہم یوم قرارداد پاکستان منا رہے ہیں، یہ ایک ایسا دن ہے جس نے ہمارے لئے ایک آزاد وطن کا خواب حقیقت میں بدل دیا۔ 1940 میں اس روز آل انڈیا مسلم لیگ نے لاہور میں اپنا سالانہ اجلاس منعقد کیا تھا جس میں قرارداد پاکستان منظور کی گئی، اس قرارداد میں برصغیر کے مسلمانوں کے لئے ایک الگ وطن کے قیام کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ قرارداد پاکستان ایک تاریخی دستاویز ہے جس نے پاکستان کی تحریک آزادی کو ایک نئی سمت دی۔ اس قرارداد نے مسلمانوں میں ایک نئی امید پیدا کی اور انہیں اپنے مقصد کے لیے جدوجہد کرنے کی ترغیب دی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں مسلمانوں نے قرارداد پاکستان کے مقصد کے لئے بے پناہ قربانیاں دیں۔ آخر کار 14 اگست 1947 کو پاکستان ایک آزاد ملک کے طور پر وجود میں آیا۔ آج ہم یوم قرارداد پاکستان منا کر اس عظیم جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم اپنے قائدین کی قربانیوں کو یاد کرتے ہیں اور ان کے نقش قدم پر چلنے کا عہد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ کبھی نہیں بھولنا چاہئے کہ پاکستان ایک نعمت ہے جسے ہم نے بڑی مشکل سے حاصل کیا ہے۔ ہمیں اس نعمت کی قدر کرنی چاہئے اور اسے مضبوط اور ترقی یافتہ بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ ہمیں اپنے اختلافات کو بھول کر ایک متحد قوم کے طور پر کام کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے ملک کے لئے کام کرنے اور اسے ایک مثالی ملک بنانے کے لئے اپنی پوری توانائیاں صرف کرنی چاہئیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آئیے، ہم سب مل کر پاکستان کو ایک مضبوط، ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بنائیں۔ پاکستان زندہ باد!

اپنا تبصرہ بھیجیں