ثقافتی تقریب

پاکستان ایمبیسی کالج بیجنگ میں ثقافتی تقریب کا انعقاد

بیجنگ (عکس آن لائن)
بین الاقوامی ثقافتی دن کی مناسبت سے پاکستان ایمبیسی کالج بیجنگ میں سالانہ بین الاقوامی ثقافتی تقریب منعقد کی گئی۔اتوار کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق رواں برس اس تقریب میں قیام کی 75ویں سالگرہ کا رنگ غالب نظر آیا۔ انتظامیہ کی جانب سے تقریب سے حاصل ہونے والی آمدنی کو پاکستان میں متاثرین سیلاب کی مدد کے لیے عطیہ کرنے کا اعلان کیاگیا۔
اس رنگا رنگ ثقافتی تقریب میں دوست ممالک کے سفیروں، سینئر سفارت کاروں، حکام، میڈیا کے نمائندوں اور طلباء نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ شرکت کی۔ تقریباً 27 ممالک نے اپنی ثقافتی دستکاریوں، مصنوعات اور روایتی کھانوں کی نمائش کے لیے قومی اسٹال لگائے تھے۔ بچوں کے لیے قائم تفریحی مقامات اور گیمنگ زون سب کا مرکز نگاہ رہے۔ تقریب میں مختلف ممالک کی ثقافتی پرفارمنسز بھی پیش کی گئیں جن سے مہمانوں نے خوب لطف اٹھایا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چین میں پاکستان کے سفیر جناب معین الحق نے تقریب کے کامیاب انعقاد پر سکول انتظامیہ اور طلباء کی تعریف کی ۔ انہوں نے کہا کہ پی ای سی بی بیجنگ کا پہلا اور قدیم ترین بین الاقوامی اسکول ہے جو مختلف ممالک کے بچوں کو اعلیٰ معیار کی تعلیم فراہم کرنے کے لیے وقف ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلباء ہمارے مستقبل کے رہنما ہیں اور انہیں محنت، عزم اور ایمانداری کے ساتھ اپنی تمام تر توجہ تعلیم پر مرکوز کرنی چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں