تجارت

پاکستان اورشمالی امریکا کے ممالک کے درمیان فاضل تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں سالانہ بنیادوں پراضافہ

اسلام آباد (عکس آن لائن)پاکستان اورشمالی امریکا کے ممالک کے درمیان فاضل تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں سالانہ بنیادوں پراضافہ ریکارڈکیاگیاہے، پہلی سہ ماہی میں شمالی امریکا کے ممالک کوبرآمدات میں 7.60 فیصدکی نمو جبکہ درآمدات میں 17 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔ سٹیٹ بینک اورپاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں امریکا، کینیڈا اورشمالی امریکا کے دیگرممالک کوبرآمدات سے ملک کو1.783 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 7.60 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں شمالی امریکا کے ممالک کوبرآمدات سے ملک کو1.657 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا،ستمبر2022 میں شمالی امریکا کو586.02 ملین ڈالرمالیت کی برآمدات ریکارڈکی گئی جواگست میں 665.85 ملین ڈالر اورگزشتہ سال ستمبرمیں 582.50 ملین ڈالرتھیں، مالی سال 2022 میں شمالی امریکا کے خطہ کوپاکستانی برآمدات کاحجم 7.208 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔

اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں شمالی امریکا کے ممالک سے درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر17 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔ اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے لیکرستمبرتک کی مدت میں شمالی امریکا کے ممالک سے درآمدات کاحجم 654.74 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 765.94 ملین ڈالرتھا، ستمبرمیں شمالی امریکا سے درآمدات کاحجم 231.27 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جواگست میں 239.62 ملین ڈالراورگزشتہ سال ستمبرمیں 286.03 ملین ڈالرتھا، مالی سال 2022 میں شمالی امریکاسے درآمدات کاحجم 3.340 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں