وفاقی وزیر توانائی

پاکستان انرجی مکس میں قابل تجدید توانائی کے شعبے میں خاطر خواہ اضافہ ہو رہا ہے وفاقی وزیر توانائی

اسلام آباد( عکس آن لائن) وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب اور معاون خصوصی پٹرولیم ندیم بابر کی ملائشین ہائی کمشنر سے ملاقات ، ہائی کمشنر سے ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا کے حوالے سے معاہدوں پر گفتگو ، ملائیشین کمشنر کا پاکستان کے ساتھ معاشی و سفارتی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار۔

سوموار کے روز پاکستان میں تعینات ملائیشین ہائی کمشنر نے وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب اور معاون خصوصی پٹرولیم ندیم بابر سے ملاقات کی ، ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان کے آئندہ ہفتے دورہ ملائیشیا پر گفتگو کی گئی اور پٹرولیم کے شعبے میں ہونے والی اصلاحات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے کہا کہ پاکستان انرجی مکس میں قابل تجدید توانائی کے شعبے میں خاطر خواہ اضافہ ہو رہا ہے ۔ پاکستان توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کا خواہش مند ہے ۔

انہوںنے مزید کہا کہ توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ملک میں موجود تیل و گیس کے ذخائر کی تلاش و پیداوار بڑھا دی گئی ہے ، ملائیشین کمپنیوں کو درآمدی گیس ، ایل پی جی، آئل ریفائنری شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے دعوت دیتے ہیں۔ ملاقات میں معاون خصوصی وزیر پٹرولیم ندیم بابر نے کہا کہ ملائیشین کمپنیوں کو رواں سال ہونے والی آئل گیس بلاکس کی نیلامی میں حصہ لینے کی دعوت دیتے ہیں ۔ اس موقع پر ملائیشین ہائی کمشنر کے موجودہ حکومت کے توانائی کے شعبے میں اصلاحات کو سراہا اور کہا کہ ملائیشیا توانائی کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو فروغ دے گا جبکہ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا سے دونوں مممالک کے درمیان معاشی و سفارتی تعلقات مضبوط ہونگے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں