سابق کپتان رمیز راجہ

پاکستانی کرکٹ ٹیم کو نوجوانوں کھلاڑیوں کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے ، رمیز راجہ

اسلام آباد (عکس آن لائن) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق کو سلیکشن کے حوالے سے اپنا نقطہ نظر تبدیل کرنا چاہئے ،

پاکستان ٹیم کو نوجوانوں کھلاڑیوں کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ اپنے یو ٹیوب چینل پر اپنے بیان میں رمیز راجہ نے اگست اور ستمبر میں انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ اور تین ٹونٹی 20 میچوں کے لئے اعلان کردہ 29 کھلاڑیوں کے دستے کے حوالے سے کہا ،

کہ وہ قومی ٹیم کے انتحاب میں مصباح کو 10 میں سے 5 نمبردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مصباح پرانے چہروں کے بغیر آگے نہیں بڑھنا چاہتے اور بدقسمتی سے ایسا لگتا ہے کہ انہوں نے کپتان کو بھی یہی سوچ منتقل کردی ہے کہ آپ شعیب ملک اور محمد حفیظ کے بغیر ٹی 20 ورلڈ کپ نہیں جیت سکتے۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ایونٹ میں شعیب ملک کے آخری 10 سالوں کے کارکردگی پر نظر ڈالیں تو وہ 25 میچوں میں ایک ہاف سینچری بھی نہیں بناسکے ہیں۔

حفیظ ایک اچھے آل راؤنڈر ہیں لیکن بین الاقوامی میدان میں ان کی فارم اب ایک جیسی نہیں ہے۔ اگر آپ ان کی کارکردگی کا ٹریلر دیکھنا چاہتے ہیں تو2019 کے ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف ان کی اننگز دیکھ سکتے ہیں۔

رمیز راجہ نے کہا کہ شعیب ملک اور حفیظ دونوں کی فیلڈنگ بھی خراب ہوگئی ہیں لیکن مصباح کو یقین ہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ اور میچز تجربے سے جیت سکتے ہیں۔

اگر یہ تجربہ کار کھلاڑی عالمی معیار کے ہوتے تو میں اس کے ساتھ اتفاق کرتا، اب تجربے کی جگہ ٹی ٹونٹی کرکٹ میں، توانائی اور اضطراب نے لے لی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ سلیکشن میں عمر رسیدہ باؤلرز کو بھی دیکھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ شعیب ملک یا حفیظ کی غلطی بھی نہیں ہے ان کا انتخاب کیا گیا ہے۔ یہ مصباح ہی ہے جسے اپنی سوچ کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ اگر آپ ٹی 20 میں پاکستان کی ٹیم کو آگے لے کر جانا چاہتے ہیں تو آپ کو نوجوانوں کھلاڑیوں مواقع دینا ہوگا۔

انہوں نے حیدر علی اور خوشدل شاہ کو ٹیم میں شامل کرنے کی تعریف کی۔ رمیز راجہ نے کہا کہ ہمیں اس سوچ کو ختم کرنے کی ضرورت ہے کہ ہم صرف تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ میچ جیت سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر حیدر علی اور خوشدل کو موقع دیا گیا اور ان پر اعتماد کیا تو وہ میچ ونر ثابت ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں