کوئٹہ(عکس آن لائن )نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ افغان مہاجرین پاکستانی پاسپورٹ پر حج پر جاتے تھے، ایسے تمام شناختی کارڈ بلاک کر دیے گئے ہیں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا کوئٹہ میں بین المذاہب ہم آہنگی میں شاندار کانفرنس ہوئی، کانفرنس میں علماء کرام اور اقلیتی برادری کے نمائندے شریک ہوئے، ملک کے بڑے شہروں میں بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں، ہم نے نوجوانوں کو بتانا ہے کہ انسانیت پر مبنی معاشرے کیسے ہوتے ہیں۔
انہوںنے کہاکہ جڑانوالہ جیسے واقعات کی روک تھام کیلئے مذہبی ہم آہنگی کے اقدامات کر رہے ہیں، جڑانوالہ واقعے میں ملوث ملزمان گرفتار ہوئے، انہیں سزائیں بھی ہوئیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارتی ریاست منی پور میں مسیحی برادری کے 150 افراد قتل ہوئے، منی پور میں مسیحی برادری کے قتل سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے جڑانوالہ کا واقعہ رونما کیا گیا۔
حج 2024 کے حوالے سے نگران وزیر برائے مذہبی امور نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ حاجی کیمپ میں حجاج کرام کو سہولیات فراہم کی جائیں، پچھلے سال کے حج میں کوئی مسائل نہیں تھے، ہم آنے والے حج کے لیے کام کر رہے ہیں۔انیق احمد نے کہاکہ افغان مہاجرین پاکستانی پاسپورٹ پر حج پر جاتے تھے، ایسے تمام شناختی کارڈ بلاک کر دیے ہیں۔
نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت مذہبی امور اور آئی ٹی کی وزارت نے ساتھ مل کر حاجیوں کیلئے بہترین کام کیا ہے، حاجیوں کو کیو آر کوڈ کا حامل سوٹ کیس بھی فراہم کیا جائے گا، اس سال حج پر جانے والی تمام خواتین کو عبایا بھی دیا جائے گا۔انیق احمد نے کہاکہ گزشتہ سال حج پیکج 11 لاکھ 75ہزار روپے تھا جو اس سال کم ہو کر 10 لاکھ 75 ہزار روپے ہے۔