صدر مملکت

پاکستانی قوم کورونا وائرس کی وباء کی آزمائش سے سرخرو ہو کر ابھرے گی،صدر مملکت

راولپنڈی (عکس آن لائن)صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم کورونا وائرس کی وباء کی آزمائش سے سرخرو ہو کر ابھرے گی، ملکی معیشت کے بعض اہم شعبوں کو کھولنے سے لوگوں کے روزگار کے مواقع بھی میسرآئیں گے، عوام موجودہ چیلنج سے نمٹنے کے لئے نظم وضبط اورحکومتی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ جمعرات کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے راولپنڈی ریلوے سٹیشن پر قلیوں میں راشن تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کیا ۔

تقریب کا اہتمام پاکستان بیت المال نے کیا تھا۔صدر نے امید ظاہر کی کہ حکومت کی متوازن حکمت عملی سے کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے میں مدد ملی ہے جبکہ ملکی معیشت کے بعض اہم شعبوں کو کھولنے سے لوگوں کے روزگار کے مواقع بھی میسرآئیں گے، عوام موجودہ چیلنج سے نمٹنے کے لئے ڈسپلن کا مظاہرہ کریں اور حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ صدر مملکت نے غریب اور محنت کش طبقہ کے لئے رمضان ریلیف پیکج کا اہتمام کرنے پر منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ نیک کاموں کی تشہیر سے لوگوں میں امید پیدا ہوئی اور انہیں معلوم ہوتا ہے کہ ان کے لئے کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی صورتحال میں موجودہ حکومت اور وزیر اعظم عمران خان کی حکمت عملی توازن پر مبنی ہے۔

کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے ساتھ ساتھ معیشت اور معاشرے کے غریب طبقات کو بھی سہارا دینے کے لئے اقدامات کی اشد ضرورت تھی لہذا اس حوالے سے وزیراعظم درست فیصلہ کیا ہے اور بعض ضروری شعبوں کو کھولا ہے جس سے احتیاط کے ذریعے جہاں کورونا کی روک تھام ہو سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس حکمت عملی پر عملدرآمد کی وجہ سے کورونا کے پھیلاؤکے حوالے سے جو خدشات ظاہر کئے جا رہے تھے ان کے مقابلے میں کورونا کے کیسز کی مقدار کم ریکارڈ کی گئی ہے۔تقریب میں وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد، معاون خصوصی برائے سماجی بہبود ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال عون عباس اور کنٹری ڈائریکٹر اسلامک ریلیف عمیر حسن بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں