کارپٹ ایسوسی ایشن

پالیسی ریٹ میں کمی خوش آئند ،4سے 5فیصد تک لانا نا گزیرہے ‘ کارپٹ ایسوسی ایشن

لاہور/کراچی(عکس آن لائن)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے اسٹیٹ بینک کی جانب سے پالیسی ریٹ میں مزید کمی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں اسے مزید کم کر کے 4سے 5فیصد تک لانا نا گزیرہے ،کورونا وائرس کی وجہ سے برآمدات بری طرح متاثر ہوئی ہیں جس کے معیشت پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوںگے ،

خداکی ذات سے امید ہے کہ حالات جلد بہتر ہوں گے اور پاکستانی معیشت ضرور ابھرے گی ۔ ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین محمد اسلم طاہرنے مجموعی صورتحال پر غوروخوض کے لئے بلائے گئے سرکلز کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں چیئر پرسن کارپٹ انسٹی ٹیوٹ پرویز حنیف، وائس چیئرمین شیخ عامر خالد، سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک، سینئر ممبر ریاض احمد، سعید خان،اعجاز الرحمان، محمد اکبر ملک، میجر (ر) اختر نذیر سمیت دیگر شریک ہوئے ۔ محمد اسلم طاہر نے کہا کہ موجودہ حالات میں حکومت کی جانب سے درست اقدامات تجویز کئے گئے ہیں لیکن ان کے نتائج کا دارومدار عملدرآمد پر منحصر ہے ۔

آئندہ مالی سال کے بجٹ میں برآمدی شعبے کو مزید ریلیف دیا جائے تاکہ روزگار کے ساتھ ساتھ معیشت کو بھی سہارا مل سکے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں اسٹیٹ بینک کی جانب سے پالیسی ریٹ میں کمی کا فیصلہ قابل ستائش ہے لیکن معاشی سر گرمیوں کوفروغ دینے کےلئے اس میں مزید کمی نا گزیر ہے اور اسے 4سے 5فیصد پر لایا جائے ، بہت سے ممالک موجودہ حالات میں پالیسی ریٹ کو صفر پر لائے ہیں جس کے بہترین نتائج حاصل ہوئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں