ٹیوٹا، سوزوکی

ٹیوٹا، سوزوکی اور ہونڈا کی گاڑیوں کی فروخت میں کمی

لاہور( عکس آن لائن)سال 2023میں پاکستان کی سب سے بڑی تین کار ساز کمپنیوں ٹیوٹا، سوزوکی اور ہونڈا کی فروخت ہونے والی گاڑیوں کے اعدادوشمار سامنے آ گئے۔

نجی ٹی وی کے مطابق اعدادو شمار پاکستان آٹو میٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کئے گئے ہیں جس کے مطابق گاڑیوں کی فروخت میںکمی ریکارڈ کی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق ہونڈا نے سال 2023 میں 9 ہزار 760 گاڑیاں فروخت کیں جبکہ اس کے برعکس 2022 میں گاڑیوں کی فروخت ریکارڈ 28 ہزار 928 رہی یعنی فروخت میں مہنگائی کی وجہ سے 66.26 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی۔

کمپنی کی جانب سے سال جنوری سے نومبر 2023 تک ہونڈا سویک اور ہونڈا سٹی کے مجموعی طور پر 7 ہزار 68 یونٹس فروخت کئے گئے جبکہ اسی عرصہ کے دوران 2022 میں فروخت 25 ہزار 502 یونٹس تھی جس میں 72 فیصد سے زیادہ کمی ریکارڈ ہوئی۔ہونڈا بی آروی اور ایچ آر وی کی فروخت میں بھی بھاری کمی ہوئی، سال 2022 میں کمپنی نے 3 ہزار 426 گاڑیاں فروخت کی تھیں جبکہ 2023 میں یہ تعدا د کم ہو کر 2 ہزار 692 رہ گئی۔

سوزوکی کی گاڑیوں کی فروخت میں بھی گزشتہ سال 2023 میں شدید کمی ریکارڈ کی گئی۔ جنوری سے نومبر 2023 کے دوران مجموعی طور پر کمپنی نے 35 ہزار 253 گاڑیاں فروخت کیں جبکہ 2022 میں یہ تعداد ایک لاکھ 14 ہزار 605 تھی یعنی کمپنی کی فروخت میں 69.24 فیصد کمی ہوئی ۔

مشہور زمانہ گاڑی آلٹو کے محض 19 ہزار 71 یونٹس ہی فروخت ہوئے جبکہ 2022 میں یہ تعداد 59 ہزار 526 تھی، سوزوکی کلٹس کی فروخٹ 3 ہزار 424 رہی جبکہ اس سے قبل یہ تعداد 12 ہزار 739 تھی ۔اس مہنگائی کا اثر ٹیوٹا کی سیلز پر بھی پڑا اور کمپنی سال 2022 کی نسبت 2023 میں 66.81 فیصد خسارے کا شکار رہی ، جنوری سے نومبر 2023 تک صرف 19 ہزار 320 گاڑیاں ہی فروخت ہو سکیں جبکہ 2022 میں یہ تعداد 51 ہزار 945 تھی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں