ٹرمپ

ٹرمپ کانومنتخب صدر جوبائیڈن کی جیت تسلیم کرنے سے انکار

واشنگٹن (عکس آن لائن) امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے حریف جو بائیڈن کی صدارتی انتخابات میں جیت کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے اورکہاہے کہ ابھی صدارتی انتخابات ختم نہیں ہوئے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے جو بائیڈن کی منگل کو منعقدہ صدارتی انتخابات میں جیت کے اعلان کے فوری بعد ایک بیان جاری کیا اور اس میں کہا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ جو بائیڈن کیوں عجلت میں خود کو فاتح قرار دے رہے ہیں اور میڈیا میں ان کے اتحادی کیوں ان کی مدد کے لیے سخت محنت کررہے ہیں،وہ سچ کو طشت ازبام ہوتا نہیں دیکھنا چاہتے۔ایک سادہ حقیقت یہ ہے کہ یہ انتخابات اب ختم ہونے سے کوسوں دور ہیں۔انھوں نے کہا کہ سوموار سے ہماری مہم عدالت میں ہمارے کیس کی پیروی کرے گی.

تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ انتخابی قوانین کی مکمل طور پر پاسداری کی گئی ہے اور ایک درست فاتح کرسی صدارت پر متمکن ہوا ہے۔امریکی عوام ایک دیانت دار الیکشن کے حق دار ہیں۔اس کا یہ مطلب ہے کہ تمام قانونی ووٹوں کی گنتی کی جائے اور کسی غیر قانونی ووٹ کو شمار نہ کیا جائے۔صرف اس طریقے ہی سے ہمارے نظام انتخاب پر عوام کے مکمل اعتماد کو بحال کیا جاسکتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھاکہ صرف ایک جماعت غلط روی کا ارتکاب کرتے ہوئے مبصرین کو عدالت کے کمرے سے باہر رکھے گی اور پھر عدالت میں ان کی رسائی روکنے کے لیے لڑے گی۔چناں چہ بائیڈن کیا چھپا رہے ہیں،میں اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھوں گا جب تک امریکی عوام کے ووٹوں کی دیانت دارانہ گنتی نہیں ہوجاتی،وہ اس کے حق دار ہیں اور یہ جمہوریت کا بھی تقاضا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں