خورشید شاہ

ٹائیگر فورس سے مہنگائی پر کام کروانا قانون کی خلاف ورزی ہے ،خورشید شاہ

سکھر(عکس آن لائن ) پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ریاست کی رٹ کو چیلنج کر رہے ہیں ، ٹائیگر فورس سے مہنگائی پر کام کروانا قانون کی خلاف ورزی ہے ،کوئی بھی سرکاری کام پرائیوٹ سیکٹر سے نہیں کروایا جاتا، ٹائیگر فورس کی ایسی مثال ہے کہ گوشت کی چوکیداری پر بلے کو بٹھایا جائے،اپوزیشن کا کام ہے مسائل کی نشاندہی کرنا اور آواز اٹھانا ، اب کوئی سیاسی رہنما نہیں بچا جس کو انہوں نے غدار قرار نہیں دیا ہو۔

پیپلز پارٹی رہنما خورشید شاہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ریاست کی رٹ کو چیلنج کر رہے ہیں جبکہ ٹائیگر فورس سے مہنگائی پر کام کروانا قانون کی خلاف ورزی ہے کیونکہ کوئی بھی سرکاری کام پرائیوٹ سیکٹر سے نہیں کروایا جاتا۔

انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس کی ایسی مثال ہے کہ گوشت کی چوکیداری پر بلے کو بٹھایا جائے۔ ملک کے آئین کے تحت مسائل کا حل نکالا جا سکتا ہے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ اب اپوزیشن پر بہت بڑی ذمہ داری ہے۔ اپوزیشن کا کام ہے مسائل کی نشاندہی کرنا اور آواز اٹھانا جبکہ اب کوئی سیاسی رہنما نہیں بچا جس کو انہوں نے غدار قرار نہیں دیا ہو۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر پر بھی غداری کا کیس بنایا گیا۔

پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ دہشتگردی کے واقعات سب کے لیے چیلنج ہیں اور سب اداروں کو چاہیے کہ وہ اپنا کردار ادا کریں کیونکہ دشمن ہمارے سر پر بیٹھا ہے اور وہ کبھی نہیں چاہتا کہ پاکستان ترقی کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں