صدر/ وزیراعظم

وہ دن دور نہیں جب پاکستان معاشی طور پر مضبوط، خوشحال ملک بن جائیگا‘ صدر/ وزیراعظم

اسلام آباد (عکس آن لائن) 82 ویں یومِ پاکستان پر صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا وہ دن دور نہیں جب پاکستان معاشی طور پر مضبوط اور خوشحال ملک بن جائے گا۔اپنے پیغام میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ برصغیر کے مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن کا مطالبہ وقت کے ساتھ سیاسی طور پر درست ثابت ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور بھارت میں اقلیتوں پر ظلم و ستم یہ یقین کرنے کے لیے کافی ہیں کہ اس وقت کی مسلم قیادت نے واضح طور پر تصور کیا تھا کہ اگر مسلمان ہندو اکثریت کے رحم و کرم پر رہیں تو ان کے لیے کیا ہوگا۔اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کے دیئے گئے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے اور پاکستان کو حقیقی معنوں میں جمہوری فلاحی ریاست (ریاست مدینہ) کے ماڈل کے طور پر ترقی کے لیے وقف کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ بابائے قوم، تحریک آزادی رہنماوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، نوجوانوں کیلئے جاننا ضروری ہے کہ پاکستان طویل جدوجہد کے بعد معرض وجود میں آیا۔وزیراعظم نے کہا کہ اب استحکام، ترقی کی کلید محنت، دیانتداری، اخلاقیات میں مضمر ہے، ایمان، اتحاد، تنظیم پر کاربند رہنے کی ضرورت ہے، خود کو مدینہ کی طرز پر حقیقی فلاحی ریاست کیلئے وقف کرنا چاہیے۔

عمران خان نے کہا کہ ہمیں بحیثیت قوم درپیش چیلنجز کا ادراک کرنا چاہیے، حکومت نےغربت کے خاتمے اور انصاف کیلئےاصلاحات متعارف کرائیں، ہماری توجہ معاشرے کے نظرانداز طبقے اور مساوی مواقع پر مرکوز ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کامیاب پاکستان پروگرام زبردست اقتصادی فوائد کا حامل ہے، قومی صحت کارڈ کے فلیگ شپ پروگرام تاریخ میں بےمثال پروگرام ہے، ہم اپنی عظمت رفتہ کی بحالی کی شاہراہ پرگامزن ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے قومی مفاد پر ذاتی مفادات کو ترجیح دی، کرپشن کے خاتمے کیلئے جذبے کی ضرورت ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی توجہ معاشرے کے پسماندہ طبقات پر مرکوز ہے تاکہ انہیں مساوی مواقع فراہم کیے جاسکیں۔سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان نے بھی مبارکباد کا پیغام بھجوایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں