جمشید اقبال چیمہ

ووٹ کو عزت دو کے نعرے لگانے والے تحریک انصاف کے مینڈیٹ کو تسلیم کرنے سے کیوں ہچکچاتے ہیں ‘ جمشید اقبال چیمہ

لاہور(عکس آن لائن)انصاف ویلفیئر ونگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن حکومت کے خلاف پراپیگنڈے اور الزام تراشیوں کے ذریعے اپنی کرپشن پرپردہ ڈالنا چاہتی ہے ، احتساب کا عمل روک کر ملک و قوم کے مفاد پر سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا ، ووٹ کو عزت دو کے نعرے لگانے والے تحریک انصاف کو ملنے والے مینڈیٹ کو تسلیم کرنے سے کیوں ہچکچاتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے حلقہ این اے 127میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان واضح طور پر کہہ چکے ہیں کہ انتخابی منشور میں کئے گئے تمام وعدے پورے کئے جائیں گے ، الگ سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کی جانب عملی پیشرفت ہے اورانشااللہ ان مراحل کو آئین و قانون کے مطابق آگے بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی کا کارکردگی کے میدان میں تحریک انصاف کی حکومت سے کوئی مقابلہ نہیں ، ماضی کے ادوار میں دونوںجماعتوں کی قیادت نے ملک کے نام پر اپنی ترقی پر توجہ مرکوز رکھی جبکہ وزیر اعظم عمران خان نا مسائد حالات اور گھمبیر چیلنجز کے باوجود ملک کو آگے بڑھانے کیلئے کوشاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی قیادت پر جس طرح کے کرپشن چارجز ہیں وزیر اعظم عمران خان پر اس طرح کا ایک بھی الزام نہیں اور دونوں جماعتوں کے رہنما اور اراکین بھی اس کا اعتراف کرتے ہیں کہ عمران خان ایماندار شخصیت ہیںاور پاکستان کو آگے لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں