شاہ محمود قریشی

وفاق کی نااہلی کی وجہ گندم اور آٹے کا بحران پیدا ہوچکا ہے، شاہ محمود قریشی

ملتان (نمائندہ خصوصی ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ وفاق کی نااہلی کی وجہ گندم اور آٹے کا بحران پیدا ہوچکا ہے۔ سابق وفاقی وزیر شاہ محمود قریشی نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمر سرفراز چیمہ صاحب ملتان تشریف لائے انہیں ملتان کے مسائل سے آگاہ کیا،شہر میں سب سے بڑا مسئلہ سیوریج کا ہے جس کے بارے میں آگاہ کیا گیا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جاپان کی ایک کمپنی نے ملتان کے لیے ڈیڑھ ارب کی گرانٹ دی ہے، گرانٹ سے واسا کی مشینری میں کمی کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف ملتان ائیر پورٹ سے تونسہ جائیں گے اور سیلاب متاثرین سے ملاقات کریں گے، عمران خان نے دو ٹیلی تھان کی جس پر عوام نے عمران خان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اربوں روپے دیئے، عمران خان جلد تیسری ٹیلی تھان بھی کریں گے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ثانیہ نشتر صاحبہ جمع کیا گیا پیسہ حق داروں تک پہنچانے کے لیے لک آفٹر کر رہی ہیں، پاکستانیوں اور اوور سیز پاکستانیوں نے عمران خان کے اکانٹ میں پیسے بھیجے وزیر اعظم کے اکانٹ میں نہیں بھیجے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان کی ٹیلی تھون کے دوران چینل بند کیے گئے حکومت کو ایسی رکاوٹیں نہیں ڈالنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے 48 گھنٹے پہلے الیکشن ملتوی کر دیئے، الیکشن کمیشن 9 اکتوبر سے دو دن پہلے یا دو دن بعد الیکشن کروا لے۔

سابق وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ 9 اکتوبر کو عید میلاد النبیﷺ ہے اس دن الیکشن کروانا ٹھیک نہیں، الیکشن کمیشن کو تاریخ رکھنے سے پہلے عید میلاد النبیﷺ کے دن کا خیال کرنا چاہیے تھا یہ پاکستان کا الیکشن ہے ہندوستان کا نہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ گندم اور آٹے کا بحران وفاق کی نااہلی کی وجہ سے پیدا ہو چکا ہے، عمران خان نے اس بحران سے بچنے کے لیے روس سے سستی گندم کا مطالبہ کیا تھا، روس سے سستی گندم مل جاتی تو آٹا مہنگا نا کرنا پڑتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب کی وجہ سے سندھ میں اگلی فصل لگنے کا بھی امکان نہیں، وفاقی حکومت 5 ماہ سے سو رہی ہے، 4 روپے 34 پیسے مزید بجلی کا یونٹ بڑھا دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں