مولانا عبدالشکور

وفاقی وزیر مذہبی امور مولانا عبدالشکور سڑک حادثے میں جاں بحق ، نماز جنازہ آج لکی مروت میں ادا کی جائیگی

اسلام آباد (عکس آن لائن)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما وفاقی وزیر مذہبی امور مولانا عبدالشکور سڑک حادثے میں جاں بحق ہوگئے ہیں، حادثے کے بعد مولانا عبد الشکور کو پولی کلینک ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے ،وفاقی وزیر مفتی عبد الشکور کی نماز جنازہ (آج)اتوار دو بجے دن تاجبی خیل لکی مروت میں ادا کی جائے گی،جمعیت علمائے اسلام کے رہنما و وفاقی وزیر مفتی عبدالشکور قومی اسمبلی کے حلقے این اے 51 سے متحدہ مجلس عمل کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے،19اپریل 2022کو کابینہ میں حلف اٹھایا تھاجبکہ صدر مملکت عارف علوی ،وزیراعظم شہباز شریف ،وفاقی وزراء و سیاسی و مذہبی رہنمائوں نے وفاقی وزیر مفتی عبد الشکور کے حادثے میں جاں بحق ہونے پر رنج و غم و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ مفتی عبدالشکور ایک باعمل عالم، ایک نظریاتی سیاسی کارکن اور نیک انسان تھے ۔ ہفتہ کو اسلام آباد پولیس نے تصدیق کی کہ وفاقی وزیر مذہبی امور مولانا عبدالشکور سڑک حادثہ میں جاں بحق ہوگئے ہیں۔پولیس کے مطابق مولانا عبدالشکور میریٹ سے سیکرٹریٹ چوک کی طرف جارہے تھے اسی دوران ہائی لکس ریوو نے مولانا عبدالشکور کی گاڑی کو ٹکر ماری جس میں پانچ آدمی سوار تھے۔پولیس کے مطابق مولانا عبدالشکور کو پولی کلینک ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔پولیس کے مطابق مفتی عبد الشکور کی گاڑی میں پانچ افسراد سوار تھے ، جن میں تین کو زخمی حالت میں پولی کلینک ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔

پولیس کے مطابق ایس بی انڈوں کی کمپنی کے مالک ڈاکٹر صادق کی گاڑی سے وزیر مذہبی امور کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق مولانا عبدالشکور کی گاڑی کو ٹکر مارنے والی گاڈی نجی بینک سے لیزیڈ ہے۔ پولیس کے مطابق اسلام آباد ہائی لکس ریو گاڑی میں سوار ظاہر، شاہ، رضوان اور ارشد خان زخمی ہیں۔ پولیس کے مطابق غلام شبیر اور گل خان گرفتار کرلئے گئے ،غلام شبیر، کا، تعلق خانیوال اور گل خان کا گوجرانوالہ سے ہے،گرفتار افراد کو تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کر دیاگیا ۔جے یو آئی میڈیا سیل کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور و امیر جے یو آئی فاٹا مفتی عبدالشکور کی نماز جنازہ (آج)بروز اتوار بتاریخ 16 اپریل بوقت دو بجے دن تاجبی خیل لکی مروت میں ادا کی جائے گی۔

دریں اثناء حادثے کے بعد پولیس کے سینئر افسران موقع پر پہنچے اور گاڑی اور سوار افراد کو پولیس حراست میں لے لیا گیا۔آئی جی اسلام آباد نے بتایا کہ یہ انتہائی افسوسناک حادثہ ہے،مفتی صاحب میریٹ ہوٹل سے سیکرٹریٹ چوک کی طرف جا رہے تھے،گاڑی ٹکرانے سے ان کو سر پر چوٹ لگی ،اس حوالے سے تفتیش کی تفصیلات شیئر کی جاتی رہیں گی۔دریں اثناء وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اور نگزیب اور کئی وزراء ، جمعیت علمائے اسلام (ف)کے رہنما وکارکن اور آئی جی اسلام آباد سمیت کئی سینئرافسران بھی پولی کلینک ہسپتال پہنچے ۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وفاقی وزیر مفتی عبد الشکور کے ٹریفک حادثے میں انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔اپنے بیان میں عارف علوی نے مفتی عبدالشکور کی بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کے حادثے میں جاں بحق ہونے پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مفتی عبدالشکور کے اہل خانہ اور تمام وابستگان سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاکہ مفتی عبدالشکور ایک باعمل عالم، ایک نظریاتی سیاسی کارکن اور نیک انسان تھے ۔ شہبازشریف نے کہاکہ مفتی عبدالشکور جمعیت علماء اسلام (ف) کے متحرک اور نظریاتی راہنما وں میں شمار ہوتے تھے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ مفتی عبد الشکور نے وزیر مذہبی امور کے طور پر بڑی محنت، اخلاص اور ایمانداری سے فرائض انجام دئیے۔ شہبازشریف نے کہاکہ مفتی عبدالشکور کی دینی، ملی، قومی وسیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہاکہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے، لواحقین کو صبر جمیل دے۔ آمین۔جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ مفتی عبد الشکور کی وفات جماعت ،میری ذاتی زندگی ،علاقے کے لئے بہت بڑا نقصان ہے ،انہوںنے کہاکہ مفتی عبدالشکور کی جماعتی ،سماجی ،تدریسی اور سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ گذشتہ گزشتہ ر وز ہی قومی اسمبلی میں انہوں نے اپنے علاقے میں امن وامان کے لئے آواز بلند کی تھی ۔

انہوںنے کہاکہ مفتی عبد الشکور درویش صفت انسان تھے ۔مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ مفتی عبدالشکور نے حجاج کی خدمت کی ،اسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ انہوںنے کہاکہ دعا ہے کہ اللہ کریم ان کی مغفرت فرمائے اور ان کے درجات بلند فرمائے ۔انہوںنے کہاکہ یہ غم صرف ان کے اہل خانہ کا نہیں ،میرا اور پوری جماعت کا غم ہے ۔وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے وفاقی وزیر مذہبی امور مولانا عبدالشکور کی اسلام آباد میں ٹریفک حادثہ میں وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ سے تعزیت کی ۔ وزیرداخلہ نے کہاکہ اللہ تعالی مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔

وزیر داخلہ نے آئی جی اسلام آباد کو واقع کی مکمل تحقیقات کی ہدایت کی ۔صوبائی وزرائے اعلیٰ ، گورنرز ، چیئر مین سینٹ صادق سنجرانی ، اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف ، ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی ، وفاقی وزراء مولانا اسعد محمود ، مولانا عبد الواسیع ، سینیٹر طلحہ محمود ، رانا ثناء اللہ ، خواجہ آصف ، مریم اور نگزیب ، خواجہ سعد رفیق ، اسحق ڈار ، مصدق ملک ،خرم دستگیر خان ،بلاول بھٹو زر داری ، سید نوید قمر ، سید خورشید شاہ ،چوہدری سالک حسین ،محمد اسر ار ترین ،سردار ایاز صادق ،ریاض حسین پیر زادہ ،سید امین الحق ،احسان الرحمن مزاری ،اعظم نذیر تارڑ ،ساجد حسین طوری ،مرتضیٰ جاوید عباسی ،آغا حسن بلوچ ،میاں جاوید لطیف ، چیئر مین پیپلز پارٹی سابق صدر آصف علی زر داری ، جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن ، سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف ،سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ، سابق وزیر مفتاح اسماعیل ،قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیر پائو ،عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی ، میاں افتخار حسین ، امیر حید خان ہوتی ،بلوچ رہنما محمو د خان اچکزئی ،ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار ، خالد مقبول صدیقی سمیت سیاسی و مذہبی رہنمائوں نے واقعہ میں مفتی عبد الشکور کے جاں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہاکہ یہ پوری قوم کیلئے ایک بڑا صدمہ ہے،میں نے مفتی عبد الشکور کے ساتھ بہت قریب ر ہ کر کام کیا،میں نے ہمیشہ ان کو دین اور عوام کی خدمت کرتے دیکھا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مولانا اسعد محمودنے کہاکہ رمضان المبارک کے مہینے میں ان کے ساتھ یہ حادثہ پیش آیا،جو لوگ اس دنیا سے جاتے ہیں وہ ایک بڑا صدمہ دے جاتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ یہ جمعیت علمائے اسلام کا ہی نہیں پورے پاکستان کا نقصان ہے،اس وقت ہم غم میں ہیں،اللہ ہمیں اس غم کو برداشت کرنے کی توفیق دے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کے ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا ہے ۔ اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے مفتی عبدالشکور کے خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ۔

بلاول بھٹو زرداری نے مفتی عبدالشکور کی مغفرت اور بلند درجات کیلئے دعا ء کی ۔سابق صدر آصف علی زرداری نے مفتی عبدالشکور کے ٹریفک حادثے میں جانبحق ہونے پر اظہار افسوس کیا ہے ۔آصف علی زرداری نے مفتی عبدالشکور کے خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ۔آصف علی زر داری نے کہاکہ مفتی عبدالشکور کے انتقال پر ان کے لواحقین، مولانا فضل الرحمن اور جے یو آئی کے دکھ میں شریک ہوں۔واضح رہے مولانا عبدالشکور کا تعلق جمعیت علمائے اسلام سے تھا، وہ این اے 51 سے ممبر قومی اسمبلی منتخب ہوئے، پی ڈی ایم اتحاد کی حکومت بننے کے بعد مولانا عبدالشکور کو وفاقی وزیر مذہبی امور بنایا گیا تھا، چند روز قبل ہی انہوں نے اسحاق ڈار کے ساتھ حج پالیسی کا اعلان کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں