اسلام آباد(عکس آن لائن)پیپلز پارٹی رہنما نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی پالیسی کچھ نہ کرو کی ہے ملک بھر میں کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے لیکن حکومت کی جانب سے لاک ڈاﺅن ختم کر دیا گیا۔ شہزاد اکبر کا کوئی قانونی کردار نہیں ہے وہ مستعفی ہو جائیں۔
این ایف سی کمیشن کا نوٹی فکیشن آئین سے متصادم ہے اسے واپس لیا جائے تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے اتوار کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی پالیسی کچھ نہ کرو کی ہے۔ کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے اور لاک ڈاون کھول دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ لاک ڈاﺅن کے دوران کورونا کیسز کم تھے لیکن ایسے میں جب کیسز بڑھ رہے تھے تو لاک ڈاون کیوں کھولا گیا ؟
نفیسہ شاہ نے کہا کہ حکومت کہتی ہے شہریوں کے لیے ایس او پیز بنا دیئے ہیں لیکن حکومت ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے میں ناکام ہے۔انہوں نے کہا کہ شہزاد اکبر کا کوئی قانونی کردار نہیں ہے وہ مستعفی ہو جائیں۔ این ایف سی کمیشن کا نوٹی فکیشن آئین سے متصادم ہے اسے واپس لیا جائے۔