اسلام آباد (عکس آن لائن) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ملک بھر میں 15ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے
کا اعلان کرتے ہوئے ایس او پیز تیار کرنے کی ہدایت کردی اور کہا صحت کے معاملات ٹھیک نہ ہوئے تو
تعلیمی ادارے نہیں کھولیں گے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے گزشتہ روز
پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک میں 15ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کردیا اور کہا
تعلیمی ادارے کھولنے کے فیصلے پر اگست میں نظرثانی بھی کریں گے۔وفاقی وزیر تعلیم کا کہنا تھا
کہ 15ستمبر سے پہلے مزید مشاورت کریں گے، صحت کے معاملات ٹھیک نہ ہوئے تو تعلیمی ادارے نہیں
کھولیں گے، تعلیمی ادارے کھولنے کے لئے ایس او پیز تیار کیے جائیں گے، ایس او پیز سے متعلق
مختلف تجاویز آرہی ہیں۔شفقت محمود نے کہا کہ صوبوں سے تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق ایس اوپیز مانگے
ہیں، صوبوں سے کہا ہے اپنی تجاویز لکھ کربھیج دیں، انتظامی ادارے اساتذہ کو بلاکرایس اوپیز پر پریکٹس کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ایچ ڈی کے طلبا لیبارٹریز میں کام کرنا چاہتے ہیں توایس او پیزکے مطابق اجازت دی جاسکتی
ہے، جہاں انٹرنیٹ سہولت نہیں تھی وہاں آن لائن تعلیم میں طلبا کو دشواری ہوئی، یونیورسٹیز اگست میں جہاں
انٹرنیٹ سہولت نہیں ان علاقوں کے طلبا کو بلاسکتی ہیں اور ہاسٹلز میں30فیصد تک طلبا کو رکھ سکتے ہیں۔
وفاقی وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ کورونا کی صورتحال میں تعلیم کابڑا نقصان ہوا، مدارس کو بھی ایس اوپیز
کے تحت امتحانات لینے کی اجازت ہوگی، امتحانات لینے کے دوران 6فٹ کافاصلہ ہوگا،ماسک پہننا لازمی ہوگا،
جہاں ممکن ہوٹینٹ لگا کر امتحانات لئے جاسکتے ہیں۔شفقت محمود نے واضح کیا جو ادارہ ایس اوپیزپرعمل نہیں
کرے گا تو اسے امتحان لینے کی اجازت نہیں ہوگی۔