لاہور (عکس آن لائن ) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے لئے ٹیکس فری اور عوام دوست بجٹ دیا ھے۔
مشکل معاشی حالات میں ٹیکس فری بجٹ وزیر اعظم کی معاشی ٹیم کا شاندار کارنامہ ھے۔کرونا سے جکڑی معشیت میں اس سے بہتر بجٹ نہیں دیا جا سکتا تھا۔
وزیر صنعت و تجارت پنجاب میاں اسلم اقبال نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وفاقی بجٹ میں کمزور طبقات کو ریلیف کی فراہمی کے لئے موثر اقدامات تجویز کئے گئے ہیں۔
آئندہ مالی سال کے دوران صنعتی شعبہ کی شرح نمو بڑھانے کے لئے ترجیحات طے کر دی گئی ہیں۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ صنعت کا پہیہ گھومے گا تو روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔
اپوزیشن کو عوام دوست اور ٹیکس فری بجٹ ہضم نہیں ہو رہا۔ اپنے ادوار میں عوام کے لئے مشکلات کے پہاڑ کھڑے کر نے والی اپوزیشن کو ٹیکس فری بجٹ پسند نہیں آسکتا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ عام آدمی کا بجٹ ھے، اپوزیشن کو عوامی فلاح سے کوئی سروکار نہیں۔ سابق کرپٹ حکمران چار دہائیوں تک غریب عوام کا خون نچوڑتے رھے۔
اس کرپٹ ٹولے نے اپنے ادوار میں قومی وسائل کی لوٹ مار کرکے غریب کے حق پر ڈاکہ ڈالا۔کرپٹ ٹولے سے قوم کی لوٹی ھوئی ایک ایک پائی کی وصولی عمران خان کا عزم ھے۔