ڈاکٹر اعجاز گوہر

وفاقی حکومت بلوچستان میں پرامن انتخابات کے لئے صوبا ئی حکومت کوتما م تر وسائل مہیاکرے گی ، و زیر داخلہ

کوئٹہ (عکس آن لائن)نگران وفاقی وزیر داخلہ ستارہ امتیاز ڈاکٹر اعجاز گوہر نے بلوچستان میں انتخابات کے پرامن اورکامیاب انعقاد کیلئے صوبائی حکومت کی تیاریوںاوربہترین حکمت عملی پر اطمینان کااظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ ملک میں پرامن انتخابات کے لئے نگران حکومت پرعزم ہے،وفاقی حکومت بلوچستان میں پرامن انتخابات کے لئیصوبا ئی حکومت کوتما م تر وسائل مہیاکرے گی ۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے جمعرات کو کوئٹہ سیکرٹریٹ میں انتخابات 2024 کی تیاریوں اورامن امان کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔نگران صو بائی وزیرداخلہ میرزبیرخان جمالی ،چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ زاہدسلیم ،کمشنر کوئٹہ حمزہ شفقات اورقانون نافذکرنے والے اداروں کے افسران اجلاس میں شریک تھے ۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ زاہدسلیم نے صوبے میں امن وامان کی مجموعی صورتحال اورالیکشن کے انعقاد کے لئے صوبائی حکومت کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔نگراں وفاقی و زیر داخلہ ڈاکٹر اعجاز گوہر نے بلوچستان میں امن وامان کے قیام کی کوششوں اورانتخابات کی تیاریوں پراطمینان کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ نگران حکومت ملک میں آزادانہ انتخابات کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریگی۔

بلوچستان میں انتخابی عمل کے کامیاب انعقاد کے لئے بلوچستان کی صوبائی حکومت نے ایک جامع حکمت عملی تشکیل دی ہے۔حکومت بلوچستان کی اس ضمن میں کی گئی تمام کاوشوں کی تناظرمیں یہ بات وثوق سے کہی جاسکتی ہے کہ انتخابات کے دوران صوبے میں ووٹرز اورامیدوار ان کوبھرپورتحفظ حاصل رہے گا۔انہوں نے کہاکہ امن دشمن عناصر کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی ملک میں امن و امان کا قیام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور جوانوں کی قربانیوں کا ثمر ہے۔

حکومت اپنے جوانوں اور افسران کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔انہوں نے صوبے میں پائیدار قیام امن کے لیے کثیرالمدتی اورمربوط حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن و امان قیام کے لیے مزید بہتر حکمت عملی کی تشکیل سے نوجوان ذہنوں کو غلط ہاتھوں میں جانے سے روکا جا سکتا ہے انہوں نے کہا کہ قلیل المدتی حکمت عملی اور طویل المدتی حکمت عملی کے دو رس نتائج برامد ہوں گے ۔

غربت کے خاتمے اور باعزت روزگار کے بہتر مواقعوں سے صوبے میں خوشحالی اور ترقی کی راہیں ہموار ہوں گی۔انہوں نے نگران وزیراعظم پاکستان کی خصوصی ہدایت پر تمام صوبوں میں الیکشن تیاریوں کاجائزہ لے رہے ہیں ۔قبل ازیں اجلاس میں شرکاکو بتایا گیا کہ حالیہ بولان حملوں میں سیکورٹی فورسز کی فوری اوربھرپور جواب کارروائی کی بدولت امن دشمن عناصر کو منہ کی کھانی پڑی ۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوان اور افسران نے بہادری اور جرات سے مقابلہ کرتے ہوئے تخریب کاروں کے عزائم کو خاک میں ملا دیا اجلاس کے دوران صوبے میں پولنگ اسٹیشن،ووٹرز امیدوار ان کی تعداد اور سیکورٹی کی تعینات کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں