بارشوں

وفاقی ، سندھ حکومت بارشوں سے متاثرہ تاجروں کے نقصان کا ازالہ کریں’ آل پاکستان انجمن تاجران

لاہور(عکس آن لائن ) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے مطالبہ کیاہے کہ وفاقی اور سندھ حکومت کراچی میں شدید بارشوں سے تاجروں کو ہونے والے نقصانات کا ازالہ کریں اور انہیں دوبارہ کاروبار کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر مالی معاونت فراہم کی جائے ،بارش اور نکاسی آب کے ناقص انتظامات کے باعث کراچی کی اہم تھوک اور ریٹیل مارکیٹوں میں پانی داخل ہونے سے کاروبار کوبڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے اور تاجر اپنی جمع پونجی سے محروم ہو گئے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ کراچی میں ہونے والی بارشوں سے تاجروں کا کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے ،

تاجروں کی اکثریت ایسی ہے جن کے کاروبار مکمل تباہ ہو گئے ہیں اور انہیں نئے سرے سے کاروبار شروع کرنا پڑے گا جو حکومت کی مالی معاونت کے بغیر ممکن نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک بھر کے تمام چیمبرز اور تاجر تنظیموں سے بھی مطالبہ کرتے ہیں وہ اس سلسلہ میں اپنی آواز بلند کریں اور تاجروں کو حکومت کی جانب سے مالی امداد اور بلا سود قرضے دلوانے کیلئے اپنا ہر ممکن کردار ادا کریں تاکہ تاجر جلد سے جلد اپنا کاروبار شروع کر کے اپنے خاندان والوں کا پیٹ پالنے کے قابل ہو سکیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں