شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا تین روزہ دورہ متحدہ عرب امارات کامیابی کے ساتھ پایہ تکمیل کو پہنچ گیا

اسلام آباد (عکس آن لائن)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا تین روزہ دورہ متحدہ عرب امارات کامیابی کے ساتھ پایہ تکمیل کو پہنچا ۔وزیر خارجہ نے اپنے دورہ کے ابتدائی حصے میں پاکستان بزنس کونسل دوبئی کی جانب سے دیے گئے افطار ڈنر میں شرکت کی۔وزیر خارجہ نے دبئی میں مقیم پاکستانی بزنس کمیونٹی کو حکومت پاکستان کی معاشی سفارت کاری سے متعلقہ حکمت عملی اور اس کے مثبت ثمرات سے آگاہ کیا۔وزیر خارجہ نے”دبئی ایکسپو 2020 میں قائم ”پاکستان پویلینکا دورہ کیا اور اکتوبر 2021 سے شروع ہونیوالی اس ایکسپو میں پاکستان کی جانب سے بھرپور شرکت کا عندیہ دیا ۔وزیر خارجہ نے دوبئی میں واقع پاکستانی قونصل خانے کا دورہ کیا اور وہاں مدعو مقامی و بین الاقوامی پریس نمائندگان سے خطاب کیا۔

وزیر خارجہ نے پریس کانفرنس کے ذریعے اپنے دورے کے اغراض و مقاصد، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین فروغ پاتے تعلقات پر سیر حاصل گفتگو کی ۔وزیر خارجہ نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے اعزاز میں دیے گئے افطار ڈنر میں شرکت کی اور مختلف شعبہ جات میں پاکستانیوں کی خدمات کو سراہا۔وزیر خارجہ نے دورہ متحدہ عرب امارات کے دوسرے مرحلے میں ابوظہبی میں یو اے ای کے وزیر رواداری و کمشنر جنرل ایکسپو 2020 ،شیخ نہیان بن مبارک النہیان، وزیر مملکت برائے خارجہ امور احمد علی الصایغ اور اپنے اماراتی ہم منصب جناب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان سمیت اہم قیادت سے ملاقاتیں کیں ،ان ملاقاتوں میں، باہمی دلچسپی کے شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے حوالے سے تفصیلی مشاورت اور تبادلہ خیال کیا گیا ،

وزیر خارجہ نے اماراتی قیادت کو ” ویزا کے حصول میں حائل مشکلات اور پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور انہیں جلد حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دہانیوں سے موجود دیرینہ برادرانہ تعلقات، وقت کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔اماراتی وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے وزیر خارجہ کو آگاہ کیا کہ یو اے ای نے، جذبہ خیر سگالی کے تحت، پاکستان کو دی گئی دو ارب ڈالر، امدادی قرض کی ادائیگی کی مدت میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔وزیر خارجہ نے متحدہ عرب امارات کے ان اقدامات اور بھر پور میزبانی پر، اماراتی قیادت کا شکریہ ادا کیا ۔توقع ہے کہ وزیر خارجہ کا یہ دورہ ، پاکستان اور یو ای کے مابین دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے حوالے سے اہم اور سودمند ثابت ہو گا

اپنا تبصرہ بھیجیں