پرویز الٰہی

وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی کے اعتماد کے ووٹ پر تحریک انصاف کو 3 ارکان کی مخالفت کا خدشہ

لاہور ( عکس آن لائن) وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے اعتماد کے ووٹ پر تحریک انصاف کو 3 ارکان کی مخالفت کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔پارٹی ذرائع کے مطابق فی الحال 3ارکان اعتماد کے ووٹ میں نہیں آئیں گے، ان 3ارکان کے پارٹی پالیسی کے خلاف جانے کا امکان ہے۔پارٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ اس وقت پی ٹی آئی اور (ق) لیگ کو 187ارکان کی حمایت حاصل ہے۔

ذرائع کے مطابق دوسری جانب چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے اعتماد کے ووٹ کے سلسلے میں پارٹی رہنمائوں کو ٹاسک سونپ دیئے ہیں۔عمران خان نے اس حوالے سے اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان، عثمان بزدار، اسلم اقبال، محمود الرشید، عباس علم دار کو اہم ذمے داریاں تفویض کی ہیں۔

عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ 11جنوری سے قبل ہر صورت اعتماد کا ووٹ لیا جائے، جس کے لیے پارٹی رہنما ارکانِ اسمبلی سے رابطوں کا عمل جلد مکمل کریں۔سابق وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ 9جنوری کے اسمبلی کے اجلاس میں ارکان سے رابطوں کا عمل مکمل کر لیا جائے۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ اعتماد کے ووٹ کے بعد پارٹی کے فیصلے کے مطابق آئندہ اقدامات کیے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں