علی محمد خان

وزیر اعظم کے استعفیٰ کا اپوزیشن کا مطالبہ ناقابل قبول ہے، علی محمد خان

اسلام آباد(عکس آن لائن ) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے استعفی کا اپوزیشن کا مطالبہ ناقابل قبول ہے، وزیر اعظم عمران خان کے استعفی کا مطالبہ غیر اخلاقی ہے، گذشتہ عام انتخابات میں مولانا فضل الرحمن کو ان کے اپنے حلقہ کے عوام نے مسترد کر دیا تھا۔

اتوار کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت جے ایو آئی (ف)کے آزادی مارچ سے قطعا پریشان نہیں ہے لیکن حکومت کے حوالے سے ان کے بیانات قبول نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آئین پر یقین رکھتی ہے اور اظہار رائے کی آزادی کو تسلیم کرتی ہے لیکن ہم چند ہزار لوگوں کو یہ اجازت نہیں دیں گے کہ وہ وزیر اعظم سے استعفی طلب کریں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے مطالبہ کو ملک کے عوام بھی تسلیم نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات بڑی دلچسپ ہے کہ جے یو آئی (ف)کے رہنما کشمیر کے بارے میں گفتگو کر رہے ہیں۔ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مولانا نے کئی سال کشمیر کمیٹی کی سربراہی کی لیکن انہوں نے تنازعہ کشمیر کو کسی بھی عالمی فورم پر اجاگر نہیں کیا۔ علی محمد خان نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر کو دنیا کے سب سے بڑے فورم پر انتہائی موثر انداز میں پیش کیا ہے جس کی وجہ سے بھارتی غیرآئینی اقدامات پر دنیا بھر میں گفتگو کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کی حکومت یہ کاوشیں جاری رکھے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات میں شکست کا غم آئندہ الیکشن میں ہی دور ہو سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ مولانا کو ان کے اپنے ووٹرز نے ہی مسترد کر دیا تھا اور اب وہ نام نہاد آزادی مارچ کی قیادت کر رہے ہیں جس کو میں بربادی مارچ کہتا ہوں ۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت نے کہا کہ خدانخواستہ اگر مارچ کے دوران کوئی حادثہ یا نقصان ہوا تو معاہدہ کے مطابق اسکی ذمہ دار حکومت نہیں بلکہ اپوزیشن ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں