اسلام آباد/لاہور(عکس آن لائن) وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر حکومت نے ٹیکس نیٹ بڑھانے کیلئے آگاہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے آگاہی مہم کا پلان ترتیب دیدیا۔بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کو ٹیکس نیٹ بڑھانے پر ابتدائی بریفنگ دی گئی ہے ، معاون خصوصی برائے ریونیو ڈاکٹر وقار مسعود نے ٹیکس نیٹ مہم پر بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا ٹیکس ذمہ داریوں سے متعلق ایف بی آر آگاہی مہم چلائے گا ، آگاہی مہم میں ٹیکس وصولی بڑھانے کے پیغامات درج ہوں گے، وزیر اعظم عمران خان نے ٹیکس آگاہی مہم پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کے استحکام کیلئے ٹیکس بیس میں اضافہ کلیدی اہمیت کا حامل ہے، ایف بی آر کو جدید خطوط پر استوار کرنا حکومتی ترجیحات کا حصہ ہے۔ا نہوںنے مزید کہا تھا ٹیکس گزاروں کے لئے نظام خصوصاًگوشواروں کا نظام آسان بنایا جائے، چھوٹی اور درمیانی درجے کی صنعتوں کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے، تاجروں کیلئے آسانیاں پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔