اسلام آ باد (نمائندہ عکس ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان برطانیہ سے اپنے تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے، یہ تعلقات وسیع پیمانے پر مختلف امور میں تاریخی روابط اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کی وزیراعظم کی ملاقات ہوئی ہے جس دوران کرسچن ٹرنر نے شہباز شریف کو وزارت اعظمی کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی ہے۔
ملاقات کے دوران کرسچن ٹرنر نے برطانوی حکومت کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا جبکہ نیک خواہشات پر شہباز شریف نے برطانوی ہم منصب بورس جانسن کا شکریہ ادا کیا ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان برطانیہ سے اپنے تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے جو وسیع پیمانے پر مختلف امور میں تاریخی روابط اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔
ان کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر زور دیا گیا ہے۔
برطانیہ میں مقیم تقریبا 1.6 ملین سمندر پار پاکستانیوں کے دونوں ملکوں کے مابین ادا کئے جانے والے پل کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے قانونی ہجرت کے شعبے میں تعاون کو مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اس امر میں موجود استعداد کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لایا جا سکے۔
اس ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے پاکستان میں تعلیم ، صحت اور دیگر سماجی شعبوں کو فروغ دینے کیلئے برطانیہ کے اقدامات کی بھی تعریف کی جبکہ برٹش ہائی کمشنر نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور دوطرفہ تعاون کو مضبوط اور وسیع کرنے کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ خیال رہے کہ پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی۔