طلبہ کے مسائل

وزیر اعظم نے طلبہ کے مسائل کے حل کے لیے ہدایات جاری کر دیں

اسلام آباد(عکس آن لائن ) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے طلبہ کے مسائل کے حل کے لیے ہدایات جاری کر دی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اپنے ٹویٹر اکاونٹ کے ذریعے معاون خصوصی نے کہا کہ طلبہ کے حقوق کے تحفظ اور مسائل کے فوری حل کے لیے وزیر اعظم نے وفاق اور صوبوں کو جامع حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایات دی ہیں۔انھوں نے کہا نوجوان نسل ہمارا قیمتی اثاثہ اور روشن مستقبل کی امید ہے، نوجوانوں کے خوابوں کی تعبیر وزیر اعظم عمران خان کا بنیادی مشن ہے، وزیر اعظم نے وفاق اور صوبوں کو حکمت عملی مرتب کرنے کا کہا، حقوق کا مطالبہ طلبہ کے بڑھتے شعور اور فکر کی عکاسی ہے جو خوش آیند ہے۔فردوس عاشق نے ٹویٹ میں کہا کہ طلبہ نے نئی سوچ، بصیرت اور ولولہ انگیز جمہوری قیادت وجود میں لانی ہے، ہمارے نوجوان ہر چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا آہنی عزم رکھتے ہیں، نوجوان خصوصا طلبہ کی محنت اور سچائی کے اصولوں پر مبنی کردار سازی کرنی ہے، متحرک کردار کو معاشرے کی فلاح اور سلامتی سے ہم آہنگ کرنا ضروری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں