لاہور (عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کامیابیاں سمیٹ رہا ہے جبکہ اپوزیشن کی سیاست کی نبض ڈوب رہی ہے ،کورونا وباءکے باوجود رواں مالی سال جی ڈی پی کا 3.94 فیصد رہنا ثابت کرتا ہے کہ حکومت درست سمت میں گامزن ہے اور اس سے اپوزیشن کا منفی پراپیگنڈا بھی دفن ہو گیاہے ، پاکستان نے امت مسلمہ کے ساتھ مل کر فلسطین کے معاملے پر بھرپور اور کامیاب سفارتکاری کی ہے ۔
اپنے ایک بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ تمام عالمی اداروں کی رپورٹس ہیں کہ کورونا وباءکے باوجود پاکستان کے معاشی اشاریے گروتھ کر رہے ہیں جس سے ماضی کے نام نہاد تجربہ کاروں کے سارے دعوے ٹھس ہو گئے ہیں ۔ قومی اکاﺅنٹس کمیٹی کے مطابق رواں مالی سال جی ڈی پی کی گروتھ ماضی کے مقابلے میں قابل ذکر ریکوری ہے،زرمبادلہ ذخائر میں بھی اضافہ ہوا اور کرنٹ اکاﺅنٹ بھی سرپلس میں ہے،رواں مالی سال فی کس آمدن 2لاکھ 46ہزار414 روپے ہے جو گزشتہ سال کی نسبت 14.6 فیصد زائد ہے۔
ہمایوں اختر خان نے کہا کہ آئی ٹی اور ای کامرس سمیت دیگر شعبہ جات کی ترقی سے بھی ملک کی مجموعی قومی پیداوار اور اقتصادی ترقی میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے ،معیشت کو ترقی دینے والے اشاریوں کے مثبت ہونے سے واضح ہو گیا ہے کہ عوام کو گمراہ کرنے کی ساشیں کرنے والے ناکام اور نامراد ہی رہیں گے۔