اسلام آباد(عکس آن لائن)وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس کل ہوگا،کابینہ کو فصلوں پر ٹڈی دَل حملے کی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی۔
میڈیارپورٹس کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں وفاقی کابینہ ایشیائی ترقیاتی بینک کو اسلام آباد میں دفتر تعمیر کرنے کی اجازت دے گی،کابینہ فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کے ڈائریکٹر جنرل کی ڈیپوٹیشن پر تقرری کی منظوری دے گی،اس کے علاوہ یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن کی ملازمت کو لازمی سروسز کا حصہ قرار دینے کی منظوری دی جائے گی،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی بطور جج بینکنگ کورٹ کراچی ڈیپوٹیشن میں توسیع کی منظوری دی جائے گی۔
جوڈیشل آفیسرز کی تقرری کا معاملہ بھی وفاقی کابینہ کے ایجنڈے کا حصہ ہے،وفاقی کابینہ چیئرمین نیشنل شپنگ کارپوریشن کراچی کی تقرری کی منظوری دے گی،کابینہ جی ایچ پی ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر کی تقرری کی منظوری دے گی،کابینہ سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تقرری کی منظوری دے گی۔