غریب عوام کے حقوق

وزیر اعظم عمران خان کی ترقی پذیر ملکوں کے غریب عوام کے حقوق کے آواز سن لی گئی ہے

اسلام آباد (عکس آن لائن)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ترقی پذیر ملکوں کے غریب عوام کے حقوق کے آواز سن لی گئی ہے۔ ایک بیان میں فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ غریب عوام کے تحفظ کے لئے عمران خان کی پکار کی گونج دنیا کے ایوانوں میں سنی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور G-20 کی جانب سے قرضوں کی ادائیگی میں سہولت ،رعایت اور معاونت فراہم کرنے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ کوروناوباء نے دنیا بھر کی معیشتوں کو متاثر کیا ہے لیکن ترقی پذیر ممالک میں اس کے سماجی اورمعاشی اثرات زیادہ شدیدہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ تیسری دنیا کے عوام کو بھوک اور افلاس سے بچانے کیلئے ایک موثر عالمی رد عمل وقت کا اہم تقاضا تھا۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ چیلنج سے نبرد آزما ہونے کیلئے غیر مشروط معاونت اور ریلیف کی فراہمی ترقی پذیر ممالک کی معاشی بحالی کیلئے ناگزیر ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ بین الاقوامی مالیاتی اداروں کا وزیر اعظم کی پیش کردہ تجویز پر عملدرآمد عمران خان کی قائدانہ صلاحیتوں ،وڑن اور بصیرت کا عکاس ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں