افتخار علی ملک

وزیر اعظم عمران خان کی افتخار علی ملک کو سارک چیمبر کا صدر نامزد ہونے پر مبارکباد

لاہور (عکس آن لائن)وزیر اعظم عمران خان نے بزرگ تاجر رہنما افتخار علی ملک کو سارک چیمبر آف کامرس کا صدر نامزد ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان جنوبی ایشیائی علاقائی تعاون تنظیم (سارک) کو بہت اہمیت دیتا ہے اور وہ تنظیم کے منشور اور مقاصد کے حصول کیلئے پرعزم ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ تجربہ کار بزنس لیڈر افتخار علی ملک کی دو سالہ مدت کے لئے سارک چیمبر کے صدر کے طور نامزدگی ملک کے لئے اعزاز ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ افتخار علی ملک علاقائی تجارت کو فروغ دینے کے علاوہ سارک ممبر ممالک کو قریب لانے کے لئے بھی اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ خودمختاری اور مساوات کے اصول پر مبنی باہمی تعاون کے لئے سارک کو زیادہ سے زیادہ متحرک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ممبر ممالک کی معیشتوں کو مضبوط بنانے اور متعدد اہم شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کیلئے سارک میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں۔

خطے کی خوشحالی کے لئے ممبر ممالک کے مابین روابط میں اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تنظیم کو خطے کی معاشی، ثقافتی اور معاشرتی نمو کے لئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ افتخار علی ملک نے مبارکباد پر وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ وہ علاقائی تجارت کے فروغ کے لئے اپنی بھر پور کوشش کریں گے کیونکہ پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لئے جنوبی ایشیاء میں محفوظ اور پرامن ماحول انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ علاقائی تعاون کو مزید تقویت دینے کیلئے مثبت کردار ادا کریں گے۔ سارک چیمبر کے صدر کے عہدے پر فائز ہونے کا مطلب رکن ممالک میں نئے سرے سے تحریک پیدا کرنا ہے۔

افتخار علی ملک نے کہا کہ پاکستان اقتصادی طاقت بننے کے لئے تمام وسائل سے مالا مال ہے اور ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ سمت کا تعین کرتے ہوئے بھرپور جوش، جذبے اور خلوص کے ساتھ کام کیا جائے۔ پاکستان کے بڑے معدنی وسائل اسے معاشی مسائل سے نجات دلانے میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔ اپنے موقف کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان جنوبی ایشیا میں میں تجارت اور صنعت کے فروغ کے لئے اپنی بہترین قائدانہ صلاحیتوں اور دستیاب وسائل کو بروئے کار لائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں