اسلام آباد( عکس آن لائن) وزیر اعظم عمران خان کو وزارتوں اور ذیلی اداروں میں زیر التوا انکوائریز سے متعلق رپورٹ پیش کر دی گئی ، فنانس ڈویژن میں سب سے زیادہ 316 زیر التوا انکوائریز ہیں ۔ وزیر اعظم عمران خان نے پی ایم ڈ لیوری یونٹ کو ہدایت کی ہے کہ وزارتوں اور ذیلی اداروں سے90 روز میں زیر التوا معاملات سے متعلق رپورٹ پیش کی جائے ۔
ہفتے کے روز وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں وزیر اعظم کو وفاقی وزارتوں اور ذیلی اداروں میں زیر التوا انکوائریز رپورٹ پیش کی گئی جبکہ وزیر اعظم کی ہدایات پرپی ایم ڈیلوری یونٹ نے وزارتوں اور اداروں کو مراسلہ جاری کر دیا اور90 روز میں انکوائریز کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔
وزیر اعظم کو پیش کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تمام انکوائریز وزارتوں اور ذیلی اداروں کی سطح پر زیر التوا ہیں ، فنانس ڈویژن میں316 ،زرعی ترقیاتی بینک میں 232، پوسٹل سروسز میں 184، پاور ڈویژن میں193، وزارت داخلہ 110، انڈسٹریز پروڈکشن 245 انکوائری زیر التوا ہیں ، رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ زیادہ تر زیر التوا انکوائریز نظم و ضبط کی خلاف ورزیوں پر مبنی ہیں ۔