جمشید اقبال چیمہ

وزیر اعظم عمران خان نے بھرپور عزم سے ملک کو مشکل حالات سے باہر نکالا،جمشید اقبال چیمہ

لاہور (عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشیدا قبال چیمہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیٹرولیم اورخوردنی تیل سمیت متعدد اشیا درآمد کرتا ہے اور عالمی منڈیوں میں قیمتوں میں اضافے کے رجحان کے اثرات یہاں بھی مرتب ہو ئے ،تحریک انصاف کو جب ملک کی باگ ڈورملی تو اس وقت یہ دیوالیہ ہونے کے قریب تھا تاہم وزیر اعظم عمران خان نے نیک نیتی اوربھرپور عزم سے ملک کو مشکل حالات سے باہر نکالا،جیسے جیسے معیشت مضبوط ہو گی اس کے مثبت اثرات عوام کی زندگیوںمیں بھی نمایاں ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی رہنما عبد الکریم کلواڑ کے ہمراہ حلقہ این اے 133کی یونین کونسل237سے پارٹی کے سر گرم رہنماخالد جوئیہ کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ سابقہ حکمران ملک کو اس نہج پر پہنچاکر گئے جہاں عالمی مالیاتی ادارے سے رجوع کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا ،سابقہ دور میں معیشت کو دیمک زدہ کر نے کے باوجود اس کی ترقی کے بے بنیاد دعوے کئے گئے جس کا خمیازہ آج عوام بھگت رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے پاس یہ راستہ بھی موجود تھاکہ وہ ملک کے بگاڑکو درست کرنے کی بجائے اپنے مفاد میں پانچ سال پورے کر تے تاہم انہوں نے فیصلہ کیا کہ ہم نے اپنی سیاست کیلئے ملک کی جڑوں کو مزید کھوکھلا نہیں کرنا اورڈھانچہ جاتی اصلاحات کے مشکل مرحلے کا آغازکیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جو اقدامات شروع کئے ہیں جس کے ثمرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں اورمکمل نتائج حاصل ہونے پر عوام تحریک انصاف کی حکومت کو دعائیں دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں