اسلام آباد (عکس آن لائن) وفاقی وزیر ریلوے نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات میں ریلوے کی سروس بند کرنے سمیت دیگر اہم امور پر گفتگو ہوئی ہے ، وزارت جلد اپنے فیصلوں سے عوام کو آگاہ کر د ے گی، اس حوالے سے پریس کانفرنس بھی کروں گا۔جمعرات کے روز وزیر اعظم عمران خان سے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ملاقات کی۔ملاقات میں عوامی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
وزیر ریلوے نے ملک بھر سمیت کراچی کیلئے ٹرینوں کی بندش کے حوالے سے آگاہ کیا اور مسافروں کی سکریننگ کے حوالے سے بھی تمام تفصیلات پر گفتگو کی گئی۔ شیخ رشید احمد نے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان سے اہم ملاقات کی ہے ،کرونا وائرس کے پیش نظر صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی ہے جبکہ ریلوے کے حوالے سے بھی جلد پریس کانفرنس میں اہم اعلان کروں گا ،عوام سے اپیل ہے کہ کروناوائرس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اپنائیں اور صرف انتہائی ضروری سفر کریں اور بے جا سفر، گھروں سے باہر نکلنے اور بازار جانے سے بھی گریز کریں