اسلام آباد(عکس آن لائن)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے احتجاج، جلسوں سے یہ حکومت کہیں نہیں جائیگی اور ان کی 31 جنوری کی ڈیڈ لائن کا بھی وہی حال ہو گا جو 31 دسمبر کا ہوا، وزیر اعظم استعفیٰ نہیں دینگے ،پی ڈی ایم کراچی میں اسرائیل نامنظور ریلی نکالنے جا رہی ہے، دراصل اپوزیشن عوام کو دھوکہ دے رہی ہے،اسرائیل کے حوالے سے ہمارا موقف واضح اور دو ٹوک ہے وزیر اعظم عمران خان کا بیان، میرا بیان اور وزارت خارجہ کی اسٹیٹمنٹس ریکارڈ پر موجود ہیں۔ اپنے بیان میں وزیر خارجہ نے کہا کہ پی ڈی ایم کے احتجاج،لانگ مارچ اور جلسوں سے یہ حکومت کہیں نہیں جائیگی ان کی 31 جنوری کی ڈیڈ لائن کا بھی وہی حال ہو گا جو 31 دسمبر کی ڈیڈ لائن کا ہوا،31 دسمبر کو ان کے استعفے آنے تھے؟ وزیر اعظم عمران خان کو عوام کا اعتماد حاصل ہے وہ پی ڈی ایم کے کہنے پر کیوں مستعفی ہوں گے؟ ۔ انہوںنے کہاکہ میں پی ڈی ایم کو کہہ ریا ہوں کہ وزیر اعظم عمران خان 31 جنوری کو مستعفی نہیں ہوں گے وہ 31 جنوری کا انتظار کیوں کرتے ہیں انہیں جو فیصلہ کرنا ہے ابھی کرلیں ، پی ڈی ایم، کراچی میں اسرائیل نامنظور ریلی نکالنے جا رہی ہے ـ
سوچنے کی بات یہ ہے کہ انہیں اس کی ضرورت کیوں پیش آئی ،دراصل اپوزیشن عوام کو دھوکہ دے رہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اسرائیل کے حوالے سے ہمارا موقف واضح اور دو ٹوک ہے،اس پر ہم کل بھی قائم تھے اور آج بھی قائم ہے اور اب تو اسرائیل نے بھی وضاحت کر دی ہے ،چنانچہ اپوزیشن نے حکومت کو دباؤ میں لانے کیلئے جو بیانیہ تشکیل دیا تھا وہ دم توڑ چکا ہے ،وزیر اعظم عمران خان کا بیان، میرا بیان اور وزارت خارجہ کی اسٹیٹمنٹس ریکارڈ پر موجود ہیں ،اس دوران سامنے آنے والا، مولانا اجمل قادری کا بیان تہلکہ خیز اور وضاحت طلب ہے نون لیگ کی قیادت کو بتانا ہوگا کہ مولانا اجمل قادری کس ایجنڈے پر اور کیا پیغام لیکر اسرائیل گئے؟ ،اسرائیل کو تسلیم کرنے سے متعلق ہم پر کسی قسم کا کوئی دباؤ نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں سعودی عرب نے نیامے ڈیکلریشن میں کھل کر پاکستان کا ساتھ دیا ۔ انہوںنے کہاکہ خبر سامنے آ رہی ہے کہ سعودی عرب کا ایک بہت بڑا وفد جلد پاکستان آ رہا ہے جس میں ان کے وزیر خارجہ سمیت اہم شخصیات شامل ہوں گی یہ سب اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ ہمارے سعودی عرب کے ساتھ دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہو رہے ہیں،میں نے گذشتہ دنوں، ثبوتوں پر مبنی ڈوزئیر کے ذریعے عالمی برادری پر واضح کیا کہ بھارت اپنی اندرونی ناگفتہ بہہ صورت حال سے عالمی توجہ ہٹانے کیلئے فالس فلیگ آپریشن جیسا ناٹک رچا سکتا ہے ،ہندوستان، دہشت گردوں کی تربیت اور کالعدم تنظیموں کی معاونت کر رہا ہے ،ہندوستان، پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین استعمال کر رہا ہے ،ای یو، ڈس انفولیب نے بھارت کے گھناؤنے عزائم کو مزید بے نقاب کر دیا ہے۔