نگران وزیراعلی پنجاب

وزیراعلی پنجاب کی عام انتخابات کے شفاف انعقاد کیلئے انتظامات کی ہدایت

لاہور (عکس آن لائن) نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے عام انتخابات کے پرامن و شفاف انعقاد کیلئے فول پروف انتظامات کی ہدایت کر دی۔

وزیراعلی محسن نقوی کی زیر صدارت عام انتخابات کے انتظامات کا جائزہ لینے سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا جس میں چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، صوبائی الیکشن کمشنر، کمشنر لاہور اور متعلقہ حکام شریک ہوئے جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور آر پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس کے دوران سیکرٹری داخلہ نے بریفنگ میں بتایا کہ پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا کام جاری ہے، جسے 6 فروری تک مکمل کر لیا جائے گا۔

وزیراعلی پنجاب نے 5 اور 6 فروری تک بیلٹ پیپرز اور متعلقہ سامان کی ترسیل یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پولنگ سٹیشنز پر کیمروں کی تنصیب کا عمل 6 فروری سے قبل مکمل کیا جائے، پولنگ سٹیشنز پر بجلی اور انٹرنیٹ کی بلا تعطل فراہمی کیلئے ضروری انتظامات کئے جائیں۔

محسن نقوی نے انتخابی نتائج کی شفافیت اور میڈیا کی سہولت کے لئے ہر پولنگ سٹیشن کے باہر سمارٹ میڈیا وال نصب کرنے اور پولنگ کے تمام عمل کو شفافیت اور خوش اسلوبی سے سرانجام دینے کیلئے متعلقہ اداروں میں موثر رابطے کی بھی ہدایت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں