وزیراعلی سندھ

وزیراعلی سندھ کا سندھ کے ساتھ کی جانے والی ناانصافی پر وزیراعظم کو شکایتوں بھرا خط

کراچی (عکس آن لائن) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ کے ساتھ کی جانے والی ناانصافی پر وزیراعظم عمران خان کو شکایتوں بھرا خط لکھ دیا، جس میں وزیراعلی سندھ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف سندھ سے تعصب برت رہی ہے اور سندھ کے عوام کے ساتھ ناانصافی کی جا رہی ہے، وفاقی ترقیاتی منصوبوں میں سندھ کو نظر انداز کردیا گیا، وزیراعظم سندھ کو محروم کرنے کے بجائے اسے حق دیں،وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے خط میں کراچی میں پانی کی فراہمی کے منصوبے کے فور کے مکمل نہ ہونے سے متعلق خدشات کا اظہارکیا ہے اورسندھ کے لیے ترقیاتی بجٹ بڑھانے کا بھی مطالبہ کیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلی سندھ نے وزیراعظم عمران خان کو ایک خط میں کہا ہے کہ جب سے موجودہ حکومت اقتدار میں آئی ہے سندھ کے ساتھ متعصب سلوک کیا جارہا ہے۔

پی ایس ڈی پی میں سندھ کے لیے منصوبوں اور اس کے لیے مختص فنڈز کا حوالہ دیتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ سال 2021 میں 5 ارب 6 کروڑ 91 لاکھ روپے کی 6 اسکیمز تجویز کی گئی جبکہ سال 18-2017 میں 23 ارب 38 کروڑ 72 لاکھ روپے کی 27 اسکیمز مختص ہوئی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سال 21-2020 میں 8 ارب 30 کروڑ 20 لاکھ روپے کی 10 اسکیمز، سال 20-2019 میں 8 ارب 50 کروڑ 88 لاکھ روپے کی 13 اور 19-2018 میں 14 ارب 26 کروڑ 67 لاکھ روپے کی 22 اسکیمز مختص کی گئیں۔ وزیراعلی نے لکھا کہ جیسا کہ آپ اوپر دیکھ سکتے ہیں اگست 2018 میں جب سے یہ حکومت اقتدار میں آئی ہے سندھ کے عوام کے ساتھ ناانصافی کا سلسلہ جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارتی ملک میں سڑکوں کے بڑے منصوبے تعمیر کرتی ہے لیکن دیگر صوبوں کے مقابلے سندھ کو دی گئی اسکیمز میں بڑا فرق ہے۔ انہوں نے کہا کہ سال 22-2021 میں پنجاب کے لیے 32 ارب 15 کروڑ 15 لاکھ روپے کی 22 اسکیمز، خیبرپختونخوا کے لیے 41 ارب 25 کروڑ 64 لاکھ روپے کی 21 اسکیمز اور بلوچستان کے لیے 24 ارب 15 کروڑ روپے کی 15 اسکیمز تجویز کی گئیں جبکہ سندھ کے لیے 7 ارب 11 کروڑ 19 لاکھ روپے کی صرف 2 اسکیمز مختص کی گئیں۔ وزیراعلی کا کہنا تھا کہ میں جانتا ہوں کہ مندرجہ بالا اعداد و شمار ناقابل یقین ہیں لیکن بدقسمتی سے یہی حقیقت ہے۔

وزیراعلی سندھ نے اپنے خط میں مزید کہا کہ این ایچ اے کے پورٹ فولیو میں سندھ کے لیے مختص 2 اسکیمز میں سے ایک سیہون جامشورو روڈ ہے جس کی مجموعی لاگت 14 ارب روپے ہے اور اس میں سے 50 فیصد رقم صوبائی حکومت اپریل 2017 میں فراہم کرچکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 4 سال سے جاری منصوبے میں نصف سے بھی کم سڑک مکمل کی گئی جس کے نتیجے میں متعدد حادثات میں کئی ہلاکتیں ہوئیں جن کی ذمہ داری وفاقی حکومت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کی 86 ارب 60 کروڑ 50 لاکھ مالیت کی 14 اسکیمز کے لیے 15 ارب 6 کروڑ 10 لاکھ روپے، بلوچستان کی ایک کھرب 44 ارب 49 لاکھ روپے لاگت کی 28 اسکیمز کے لیے 18 ارب 5 کروڑ 30 لاکھ روپے اور خیبرپختونخوا کی 86 ارب 78 لاکھ 30 ہزار روپے لاگت کی 10 اسکیموں کے لیے 66 ارب 78 کروڑ 20 لاکھ روپے مختص کیے جانے کا تخمینہ ہے۔

دوسری جانب سندھ کے لیے 4 ارب 80 کروڑ 8 لاکھ روپے لاگت کی صرف 2 اسکیمز کے لیے ایک ارب 51 کروڑ 90 لاکھ روپے مختص کیے جانے کا تخمینہ ہے۔ انہوں نے وزیراعظم پر زور دیا کہ یکطرفہ پی ایس ڈی پی پروگرام پر نظرِ ثانی کریں اور ‘متوازن ترقی اور علاقائی مساوات کے لیے آئینی شرائط پر عملدرآمد کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں