لاہور(عکس آن لائن) مسلم لیگ (ن) نے کہا ہے کہ شہباز شریف کو جیل منتقل کرنے پر وزیراعظم ہائوس سے کہا گیا کہ انہیں کوئی سہولت نہ دی جائے ،جیل میں زمین پر سونے پر مجبور کرنا، گھر کا کھانا نہ دینا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے ،شہباز شریف کو کینسر کی ادویات تک سے دور رکھا جا رہا ہے یہ مشکلیں ہمارے لئے نئی نہیں ہیں، ہم نے جیلیں اور جلاوطنی کاٹی ہے ،جتنا ظلم کرنا ہے کر لیں ہم جھکنے والے نہیں ،عمران نیازی آپ کو جیل جانا پڑ گیا تو آپ کو نانی یاد آ جائے گی اور آپ ایک گھنٹہ بھی نہیں نکال سکیں گے ۔
مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری عطاء اللہ تارڑ نے ملک احمدخان اور خلیل طاہر سندھو کے ہمراہ جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔عطاء اللہ تارڑ نے کہاکہ قومی اسمبلی کا اجلاس جاری ہے لیکن ہم حکومت کو پروڈکشن آرڈر کی کوئی درخواست نہیں دینگے ،سپیکر قومی اسمبلی نے اپنے رویے سے ثابت کیا ہے کہ وہ پی ٹی آئی کو ایوان میں سپورٹ کرتے ہیں ۔
انہوںنے کہاکہ شہباز شریف کو جیل منتقل کرنے پر وزیراعظم ہائوس سے کہا گیا کہ انہیں کوئی سہولت نہ دی جائے ،ہم نے اپنے طور پر عدالت سے رجوع کا فیصلہ کیا ہے ۔زمین پر سونے پر مجبور کرنا، گھر کا کھانا نہ دینا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے ،آپ نے جہانگیر ترین، عامر کیانی کی کرپشن کا کوئی نوٹس نہیں لیا اورفارن فنڈنگ کیس کا راز افشا ہونے سے بچانے کی کوشش کر رہے ہیں ،آپ نے جتنا ظلم کرنا ہے کر لیں ہم جھکنے والے نہیں ۔
انہوںنے کہاکہ قائد حزب اختلاف ہونے کے ناطے شہباز شریف کے کچھ حقوق ہیں ،عمران خان صاحب آپ نے ایک دن جیل نہیں کاٹی ،مشرف دور میں آپ دیوار پھلانگ کر بھاگ گئے تھے ،آپ نے کبھی سیاسی جدوجہد بھی نہیں کی ،عمران نیازی آپ کو جیل جانا پڑ گیا تو آپ کو نانی یاد آ جائے گی اور آپ ایک گھنٹہ بھی نہیں نکال سکیں گے ۔
انہوںنے کہاکہ شہباز شریف نے دن رات عوام کی خدمت کی ،ہم عدالت سے رجوع کر کے قیدی کے بنیادی انسانی حقوق دینے کی درخواست کر رہے ہیں آپکی بھی جلد باری آنے والی ہے ،آپ نے دو سالوں میں ملک کو تباہ کر دیا ہے ،آپ کے کرائے کے ترجمانوں کے نام بھی ای سی ایل میں ڈالیں گے ۔
انہوںنے کہاکہ شہباز شریف کو جیل حکام نے زمین پر سونے کا کہا ہے ،سنٹرل جیل کوئی گوانتاناموبے نہیں ہے، ہم شہباز شریف کے حقوق بحال کروائیں گے ،اعلی عدالتواں سے رجوع کرنا پڑا تو کرینگے۔ ملک احمد خان نے کہاکہ سیاسی قیدیوں کو جمہوری دور میں ہونا جمہوریت پر سیاہ دھبہ ہے ۔
حکومت نے نیب کو ایک ٹول کے طور پر استعمال کیا ۔کیا شہزاد اکبر کی پریس کانفرنس کے مواد پر ریفرنس بنانے ہیں اور نیب نے کچھ نہیں کرنا یہ فاشسٹ حکومت اور رویے ہیں ۔بنیادی انسانی حقوق معطل کئے گئے ہیں ،ایسا آمریت میں تو ہوتا ہو گا لیکن جمہوریت میں کبھی ایسا نہیں ہوتا ،عمران خان جمہوریت کی ”ج”تک سے واقف نہیں ہیں ۔
جیل قوانین کے مطابق ہر کسی کو قانون کے مطابق کچھ حقوق دئیے جاتے ہیں ۔شہباز شریف کو کینسر کی ادویات تک سے دور رکھا جا رہا ہے ،ہم ان سے رحم کی کوئی بھیک نہیں مانگنی ۔سیاسی انتقام پر مبنی مقدمات ہمیشہ انہی پر واپس آتے ہیں جو انہیں قائم کرتے ہیں ۔شہباز شریف عمران خان کی طرح مانگے تانگے، فارن فنڈنگ یا چندہ مانگ کر گزارہ کرنے والے نہیں ،لوگوں سے چندہ اکٹھا کر کے کسی اور جگہ پر خرچ کرنے والے کی انکوائری ہونی چاہیے ۔