اسلام آباد(عکس آن) وزیراعظم کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کی تشکیل 31 مارچ سے سٹیزن پورٹل پر شروع ہوگی۔وزارت امور نوجوانان کے مطابق وزارت نے کورونا ریلیف ٹائیگر فورس پر کام شروع کردیا ہے،
ڈیجیٹل فارم تیار ہے اور 31 مارچ کو سٹیزن پورٹل پر اپ لوڈ کردیا جائے گا، ڈیجیٹل فارم میں نام ،پتہ عمر، موبائل نمبر، یونین کونسل و ضلع کی تفصیلات شامل ہوں گی۔وزارت نے بتایا کہ کوروناریلیف ٹائیگرز فورس کے لیے رضاکاروں کی رجسٹریشن 10 اپریل تک مکمل ہوجائے گی جب کہ فورس کی تشکیل ہر یونین کونسل میں کی جائے گی۔وزارت یوتھ افیئرز کےمطابق کورونا ریلیف ٹائیگرز فورس میں 18 سال سے زیادہ عمر کے نوجوان رجسٹریشن کراسکیں گے،
کورونا ٹائیگرز فورس میں تمام سیاسی جماعتوں کے نوجوان رجسٹریشن کراسکیں گے جب کہ فورس تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے ماتحت کام کرے گی، ملک بھر کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ ڈیٹا شیئر کیا جائے گا۔وزارت نے مزید بتایا کہ کورونا ریلیف ٹائیگر فورس مکمل لاک ڈان یا کرفیو کی صورت میں متحرک کام کرےگی، فورس ہنگامی حالات میں گھروں تک راشن سپلائی اور خوراک پہنچائے گی جب کہ فورس کے ذریعے ملک بھر میں ذخیرہ اندوزی کی نشاندہی کر سکیں گی۔
وزارت یوتھ افیئرزکے مطابق رضا کار قرنطینہ سینٹرز میں کورونا کے مشتبہ مریضوں کی نگرانی بھی کریں گے۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کئی بار ملک بھر میں لاک ڈان کی مخالفت کرچکے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ لاک ڈان کے باعث سپلائی چین متاثر ہونے سے عوام کو اشیائے خوردونوش کی قلت کا سامنا ہوگا۔وزیراعظم نے کورونا وائرس کے دوران عوام کے گھروں تک راشن پہنچانے کے لیے فورس کے قیام کا اعلان کیا تھا۔