وزیراعظم

وزیراعظم کا مہنگائی کنٹرول کرنے اور عوام کو ریلیف دینے کےلیے اربوں روپے کے پیکج کا اعلان

اسلام آباد(عکس آن لائن )قائد ایوا ن سینیٹ سینیٹر سید شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کو کنٹرول کرنے اور عوام کو ریلیف دینے کے حوالے سے اربوں روپے کے ریلیف پیکج کا اعلان کیا ہے اور عوام کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کے حوالے سے تیزی سے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور اس کیلئے یوٹیلیٹی سٹور ز کو دوبارہ موثر انداز میں متحرک بھی کیا ہے۔ ہفتہ کو ان خیالات کا اظہار سینیٹر سید شبلی فراز نے اسلام آباد کے سیکٹر جی سکس میں قائم یوٹیلیٹی سٹور پر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں اور معیار کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔

سید شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے پارلیمنٹرین کو ہدایت دی ہے کہ وہ مارکیٹ میں خاص طور پر یوٹیلی سٹور میں ضروریات زندگی کی اشیاء کے معیار اور قیمتوں کو چیک کریں۔ وزیراعظم پاکستان غریب عوام کی تکلیف پر خاموش نہیں رہ سکتے۔ پاکستان کی عوام اور خاص طور پر تنخواہ دار طبقے کیلئے ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جارہا ہے تاکہ ریلیف پیکج سے عوام کو سستی اور معیاری اشیائخوردنوش میسر ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے گندم اور چینی کے حالیہ مصنوعی پیدا کردہ بحران کے حوالے سے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریکٹ ڈاون کا حکم بھی دیا ہے اور اس حوالے سے ہیلپ لائن نمبر بھی عوام کو دیئے جائیں گے تاکہ عوام ذخیرہ اندوزوں کے خلاف شکایات درج کر ا سکیں۔انہوں نے کہا کہ پرائس کنڑول کمیٹیاں بھی متحرک کر دی گئی ہیں تاکہ زیادہ قیمت میں اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاوں کیا جا سکے۔

سینیٹر سید شبلی فراز نے یوٹیلیٹی سٹور پر موجود اشیاء کے معیار اور قیمتوں کا جائزہ لیتے ہوئے ضرورت زندگی کی اشیاء بھی خریدیں اور خریداروں سے قیمتوں اور معیار کے بارے میں سوالات بھی پوچھے۔ شہریوں نے وزیراعظم پاکستان کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے اعلان کردہ ریلیف پیکج سے عام شہریوں کو 5 سے7 ہزار روپے کا ریلیف ملا ہے۔ سینیٹر سید شبلی فراز نے یوٹیلٹی سٹور حکام کو ہدایات دیں کہ اشیاء کے معیار کو برقرار رکھا جائے اور سٹاک کی قلت پیدا نہ ہونے دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹور پر ضرورت زندگی کی اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ بعدازاں قائد ایوان نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مہنگائی کی لہر کو کنٹرول کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھا رہی ہے اور موجودہ مہنگائی کے تناظر کو مد نظر رکھتے ہوئے وزیراعظم پاکستان نے ریلیف پیکجزکا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پیداواری لاگت کو کم کرنے کیلئے موثر اقدام اٹھا رہی ہے اور چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے بھی سینیٹ اجلاس میں مہنگائی کے حوالے سے رپورٹ طلب کی ہے اس کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ سید شبلی فراز نے کہا کہ پیداواری لاگت کم کرنے کیلئے بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کا از سر نو جائزہ لیا جارہا ہے تاکہ بہتر منصوبہ بندی کر کے عوام کو سستی بجلی اور گیس مہیاکی جا سکے۔ سینیٹر سید شبلی فراز نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹور کی اشیاء قیمتوں اور معیار کو جانچنے کیلئے عام مارکیٹوں کا دورہ کرکے بھی جائزہ لیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں