حسان خاور

وزیراعظم پاکستان کو ایک عظیم ملک اور قوم بنا رہے ہیں‘ حسان خاور

لاہور (نمائندہ عکس)پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کو اسکی اصل نظریاتی روح کے مطابق چلا کر عظیم ملک اور قوم بنا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے اطلاعات حسان خاور نے 23 مارچ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 23 مارچ تجدید عہد کا دن ہے، یہ دن باور کراتا ہے کہ کس طرح ہمارے بزرگوں نے محنت و جستجو، دھن اور لگن سے لبریز ہوکر پاکستان کا حصول ممکن بنایا۔انہوں نے کہا کہ 23 مارچ 1940 کا دن قائد اعظم اور انکے عظیم رفقاء کی شب و روز کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے، اس دن ہندوستان کے مسلمانوں نے الگ وطن کے حصول کیلئے قرارداد پاس کی جو حصول پاکستان کا پیش خیمہ ثابت ہوئی۔

حسان خاور نے کہا کہ ہندوستان کے مسلمان الگ وطن کے حصول کیلئے سیسہ پلائی دیوار بن گئے، عظیم قائد کی قیادت میں مسلمانوں نے دن رات ایک کرکے الگ وطن کا خواب شرمندہ تعبیر کیا۔پنجاب حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ قرارداد پاکستان ہی حصول پاکستان کا پیش خیمہ ثابت ہوئی، بدقسمتی سے سابقہ حکومتوں نے ملک و قوم کیساتھ کھلواڑ کیا اور اصل نظریہ سے ہٹ گئیں۔انہوں نے کہا کہ پہلی بار ملک و قوم کی خیر خواہ حکومت آئی ہے، وزیراعظم عمران خان ہی وہ رہنما ہیں جو اقبال اور قائد کی امنگوں کا ترجمان پاکستان بنانے کے مشن پر گامزن ہیں۔حسان خاور نے مزید کہا کہ عمران خان پاکستان کو اسکی اصل نظریاتی روح کے مطابق چلا کر عظیم ملک اور قوم بنا رہے ہیں، انشاءاللہ عظیم پاکستان ہی ہماری منزل ہے، کپتان کی قیادت میں پاکستان کو عظیم مملکت بنا کر دم لیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں