وزیر اعظم محمد شہباز شریف

وزیراعظم نے کپاس کی فی من قیمت 8500 روپے مقرر کرنے کی منظوری دے دی

لاہور( عکس آن لائن)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کپاس کے کاشتکاروں کیلئے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے رواں سال کپاس کی قیمت 8500روپے فی من مقرر کرنے کی اصولی منظوری دے دی جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ کپاس کی سپورٹ پرائس جلد از جلد اقتصادی رابطہ کمیٹی سے منظور کروانے کیلئے پیش کی جائے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت زرعی ٹاسک فورس کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں کپاس کی پیداوار بڑھانے اور کپاس کی سپورٹ پرائس مقرر کرنے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اجلاس میں وفاقی وزرا ءاسحاق ڈار، سید نوید قمر، طارق بشیر چیمہ، نگران وزیر اعلی پنجاب سید محسن رضا نقوی، مشیر وزیر اعظم احد چیمہ اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ برس سیلاب، بارشوں، نہری پانی کی قلت اور کھاد کے بحران کی وجہ سے کپاس کی پیداوار میں خاطر خواہ کمی واقعہ ہوئی،رواں سال کپاس کی مجموعی پیداوار کا تخمینہ 12.77 ملین بیلز لگایا گیا ہے جبکہ کپاس کی سپورٹ پرائس اور حکومت کے اقدامات کی بدولت نہ صرف کپاس کی کاشت کے رقبے بلکہ فی ایکڑ پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ متوقع ہے۔اجلاس میںکپاس کی فی ایکڑ لاگت اور اس کا دوسری فصلوں کے ساتھ موازنہ بھی پیش کیا گیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ کپاس ہماری ٹیکسٹائل کی صنعت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے،ہم کپاس کے کاشتکاروں کو سہولیات فراہم کرکے اس کی پیداوار میں اضافہ کریں گے،اس سے نہ صرف ٹیکسٹائل کی برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ کپاس کی درآمد پر خرچ ہونے والا قیمتی زرِ مبادلہ بچایا جا سکے گا۔وزیر اعظم نے کہا کہ صوبائی حکومتیں کسانوں کو کپاس کی مقرر کردہ قیمت کی فراہمی یقینی بنائیں،وفاقی حکومت مقرر کردہ سپورٹ پرائس پر عملدرآمد کے لیے صوبائی حکومتوں کی ہرممکن مدد کرے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے،کپاس کی فصل کی فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کے لئے تجاویز مرتب کرنے میں وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی تیز رفتاری سے اپنا کام مکمل کرے،کپاس پاکستان کی زرمبادلہ کمانے والی فصل ہے۔اعظموزیرِ اعظم نے فوری طور پر تمام اقدامات پر عملدرآمد کی ہدایات بھی جاری کیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں