وفاقی کابینہ کا اجلاس

وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کر لیا

اسلام آباد (عکس آن لائن)وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل منگل کو طلب کر لیا ،کابینہ اجلاس میں ملکی سیاسی، معاشی اور سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ مہنگائی کی صورتحال اور قیمتوں میں کمی کا جائزہ لے گی،گندم کی امدادی قیمت۔ چینی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کابینہ کو بریفنگ دی جائے گی، ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ گلگت بلتستان کے انتخابی نتائج کا جائزہ لے گی،کابینہ چودہ نکاتی ایجنڈے پر بھی غور کرے گی۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کی تقرری کی منظوری دے دی،وفاقی کابینہ انسانی حقوق نیشنل کمیشن کے چئیرپرسن اور ممبرز کی منظوری دے گی۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ پریس کونسل آف پاکستان کے ممبرز کے نوٹیفیکیشن کے اجرا کی منظوری دے گی،پی ٹی وی کی بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو کی منظوری بھی کابینہ اجلاس میں دی جائے گی،کووڈ 19 کیلئے درکار ضروری ادویات کی درآمد کی منظوری ایجنڈے کا حصہ ہے ،اہم سرکاری محکموں کے چیف ایگزیکٹوز کی تقرری کے طریقہ کار بھی کابینہ اجلاس میں طے کیا جائے گا،کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 28 اکتوبر کے فیصلوں کی توثیق کرے گی۔ذرائع کے مطابق کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 4 نومبر کے فیصلوں کی توثیق کرے گی،کابینہ ڈسپوزل آف لیجسلیٹو کیسز کمیٹی کے 21 اکتوبر اور 5 نومبر کے فیصلوں کی توثیق کرے گی،کابینہ ادارہ جاتی اصلاحات سے متعلق ذیلی کمیٹی کے 29 اکتوبر کے فیصلوں کی توثیق کرے گی۔

ذرائع کے مطابق کورونا کے علاج میں استعمال ہونے والے طبی سازو سامان کی درآمد کو ٹیکس اور ڈیوٹیز سے استثنی کی منظوری دے گی،کابینہ پاکستان میڈیکل کمیشن ایکٹ کے تحت نیشنل میڈیکل اینڈ ڈینٹل اکیڈمک بورڈ کے چئیرمین کے تقرری کی منظوری دے گی۔ ذرائع کے مطابق کابینہ پاکستان میڈیکل کمیشن ایکٹ کے تحت نیشنل میڈیکل اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے گی،کابینہ مختلف ممالک کے لئے ویزا پالیسی کے حوالے سے اہم فیصلے کریگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں