مصدق ملک

وزیراعظم نے بھارتی ہم منصب کو بھیجے گئے خط میں آرٹیکل 370 کے خاتمے پر کوئی بات نہیں کی ‘ مصدق ملک

لاہور(عکس آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سینیٹر مصدق ملک نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو بھیجے گئے اپنے خط میں بھارت کے آئین کے آرٹیکل 370 کے خاتمے پر کوئی بات نہیں کی اور نہ ہی اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کا کوئی ذکر کیا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے دور میں بھی بھارت سے تجارت ہورہی تھی لیکن اس وقت آرٹیکل 370 ختم نہیں ہوا تھا۔وزیراعظم نے بحیثیت وزیر تجارت ای سی سی میں سمری بھیجی۔ مصدق ملک نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم نے اپنے ایک وزیر سے یہ بھی کہا تھا کہ ہمارے خارجی، دفاعی اور معاشی معاملات مختلف ہیں اور بھارت سے تجارت کی سمری کا پبلک میں دفاع کیا جائے تاہم کابینہ میں تین وزیروں کی شدید مخالفت پر سمری واپس لے لی گئی۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین سمیت قائد حزب اختلاف بھی بلوچستان عوامی پارٹی کی مدد سے آیا ہے لیکن ہم باپ پارٹی کے ساتھ بیٹھنے کو تیار نہیں ہیں اسی لئے ہمارے 27 سینیٹر سینیٹ میں الگ گروپ بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ جب ویزاعظم خود کرونا سے متاثر ہونے کے باوجود اجلاسوں میں شرکت کرتے ہیں تو پھر وہ عوام سے کس بات کا گلہ کریں گے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ نیپال میں ساڑھے 5 فیصد، سری لنکا اور بھارت میں چار چار فیصد لوگوں کی کرونا ویکسی نیشن ہوچکی ہے جبکہ پاکستان میں ایک فیصد افراد کو بھی ابھی تک ویکسین نہیں لگائی جاسکی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں