اسلام آباد /انقرہ (عکس آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان اور ان کی اہلیہ کے درمیان خوشگوار انداز میں گفتگو ہوئی جس میں پاکستانی آموں کی بھی تعریف ہوئی۔
صدر ایردوان کی حلف برداری کی تقریب سے روانگی کے موقع پر گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر و بیگم ایردوان میں دلچسپ گفتگو ہوئی، وزیراعظم نے ترکیہ کے صدرکو بتایا کہ وہ اب واپس روانہ ہو رہے ہیں
اور پاکستان کے عوام ترکیہ کے عوام سے بھی زیادہ آپ کے انتخاب پر بہت خوش ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت پرصدر ایردوان کاشکریہ اداکیا اورکہاکہ آپ کی دعوت کا بہت شکریہ، آپ نے اپنی خوشیوں میں ہمیں شریک کیا۔ وزیراعظم نے صدر ایردوان کو بتایا کہ ہم آپ تمام اہل خانہ کو مبارک باد پیش کرتے ہیں اور نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ وہ صدرایردوان کے لئے آموں کا تحفہ لائے ہیں، آدھے آم اپنے بھائی اور آدھے اپنی بہن کے لئے ہیں، وزیراعظم کی بات پر صدر ایردوان اور ان کی اہلیہ بے ساختہ مسکرا دئیے اور شکریہ ادا کیا اورمسکراتے ہوئے جواب دیا کہ انہیں علم ہے
کہ پاکستان کے آم بہت لذیذ اور میٹھے ہوتے ہیں، بیگم ایردوان نے بھی شکریہ ادا کیا صدر ایردوان نے تقریب میں آمد اور نیک تمناوں کے اظہار پر وزیراعظم شہباز شریف کا خصوصی شکریہ ادا کیا اورکہاکہ آپ کا شکریہ آپ تشریف لائے۔