اسلام آباد (عکس آن لائن ) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو ہوگا ، جس میں آئی جی سندھ کی تقرری سمیت صدر، وزیراعظم کی تنخواہوں اور مراعات ایکٹ 1975میں ترمیم پر غور کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو وزیراعظم ہاوس میں ہوگا ، جس میں 15 نکاتی ایجنڈے پرغور کیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ آئی جی سندھ کی تقرری اورتبادلے سے متعلق طریقہ کار اور صدر اور وزیراعظم کی تنخواہوں اور مراعات ایکٹ1975میں ترمیم پر غور کرے گی جبکہ گندم کی درآمد سے متعلق ای سی سی کے فیصلے کی توثیق کرے گی۔وفاقی کابینہ بھارت سے کیمیکل پیری کسائلین ایک بار درآمد کرنے کی منظوری دے گی اور ممنوعہ اورغیر ممنوعہ بوراسلحہ لائسنس جاری کرنے کے معاملے پر بھی غور کرے گی۔
اوگرا کے وائس چیئرمین کی تقرری ، پی آئی اے بورڈ کے ڈائریکٹرزکی نامزدگی اور بچوں کے حقوق سے متعلق قومی کمیشن کے قیام کا معاملہ ایجنڈے میں شامل ہیں، اجلاس میں 50 لاکھ گھروں کی تعمیرسے متعلق وزارت ہاوسنگ کے ایم اویو کی منظوری دے جائے گی۔وفاقی کابینہ کوادارہ جاتی اصلاحات سے متعلق بریفنگ دی جائے گی جبکہ 8 اور 20 جنوری کےای سی سی اجلاسوں کے فیصلوں اور 8جنوری کوکابینہ کمیٹی توانائی اجلاس کے فیصلوں کی توثیق بھی جائے گی۔