شاہد خاقان عباسی

وزیراعظم عمران خان جس کام کی نگرانی کا کہتے ہیں اس کا بیڑہ غرق ہوجاتا ہے، شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد(عکس آن لائن)مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان جس کام کی نگرانی کا کہتے ہیں اس کا بیڑہ غرق ہوجاتا ہے،ملک میں احتساب تو عوام کا ہو رہا ہے، 3 سال میں بجلی کی قیمت میں 200 فیصد اضافہ ہوا ہے، 73 سالہ تاریخ میں 3 سال میں آٹے کی قیمت دگنی کبھی نہیں ہوئی،پی ڈی ایم ایک بیانیہ ہے، شہباز شریف نے نہ تو پی ڈی ایم بنائی اور نہ ہی انھوں نے توڑا ہے،

الیکٹرانک ووٹنگ مشین مسائل کا حل نہیں، اس سے مزید مسائل پیدا ہوں گے،ملک کو آئین کے مطابق چلائیں ۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وزیراعظم جس کام کی نگرانی کا کہتے ہیں اس کا بیڑہ غرق ہوجاتاہے، وزیراعظم نے کہا تھا کہ رمضان میں قیمتوں کے معاملات کی نگرانی خود کروں گا اور اپریل میں سب سے زیادہ مہنگائی ریکارڈ ہوئی، وزیراعظم نے بازاروں کا دورہ کیا، وہاں اشیا پڑی تھیں لیکن خریدار کوئی نہیں تھا۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک میں احتساب تو عوام کا ہو رہا ہے، 3 سال میں بجلی کی قیمت میں 200 فیصد اضافہ ہوا ہے، 73 سالہ تاریخ میں 3 سال میں آٹے کی قیمت دگنی کبھی نہیں ہوئی۔ وزیراعظم کمیشن ہی بنا دیں آٹے کی قیمت کیسے دگنی ہوگئی،

چینی مافیا نے چینی برآمد کی جس سے بحران پیدا ہوا، آپ نے چینی کی قیمت کم کرنے کے لئے کیا کارروائی کی ؟ جہانگیر ترین پر جو کیس بنائے گئے اس میں چینی کا کوئی تعلق نہیں۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ پی ڈی ایم ایک بیانیہ ہے، شہباز شریف نے نہ تو پی ڈی ایم بنائی اور نہ ہی انھوں نے توڑا ہے، کراچی میں پولیس فریق بن چکی ہے، اس لیے مفتاح اسماعیل نے کہا تھا کہ انتخابی عمل کی نگرانی فوج کرے، انہیں فوج کی جگہ رینجرز کا نام لینا چاہیے تھا۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین مسائل کا حل نہیں، اس سے مزید مسائل پیدا ہوں گے، کاغذی نظام کو مضبوط کریں۔ جو ملک کاغذی نظام نہ چلا سکے وہ الیکڑانک نظام بھی نہیں چلا سکتا،ملک کو کسی انتخابی اصلاحات کی ضرورت نہیں ،

ملک کو آئین کے مطابق چلائیں الیکشن میں دھاندلی چھوڑ دیں،جھوٹے پرچے بنانا چھوڑ دیں، الیکٹرونک ووٹنگ مشین بنانا حکومت اور پارلیمان کا کام نہیں ، الیکٹرونک نظام بنانا الیکشن کمیشن کا اختیار ہے، حکومت کے سرکس کھلاڑیوں کا نہیں۔انہوں نے کہا کہ خدا کے لیے ویکسین خرید لیں، ملک میں کورونا وائرس پھیل رہا ہے، اس کی وجہ سے اموات میں اضافہ ہوا ہے، اب لاک ڈائون کا خدشہ ہے۔شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ دنیا کا واحد ملک ہے جس کی 23 کروڑ کی آبادی ہے اور ایک ویکسین بھی خرید نہیں سکا، این سی او سی کی میٹنگ میں ہر کسی نے دو دو ماسک پہنے ہوتے ہیں۔(ن) لیگی رہنما نے کہا کہ ملک میں کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں اور ویکسین محدود ہیں، کروڑوں کی آبادی کے لیے چند لاکھ ویکسین کی بات ہوئی ، حکومت 10 کروڑ ویکسین کا آرڈر دے ،این سی او سی اجلاس سے کچھ نہیں ہوتا، کیا این سی اوسی عوام کوماسک پہناسکا؟

اپنا تبصرہ بھیجیں