شہباز شریف

وزیراعظم شہبازشریف کا جنیوا کانفرنس کی کامیابی پر اظہار تشکر

اسلام آباد (عکس آن لائن)وزیراعظم شہبازشریف نے جنیوا کانفرنس کی کامیابی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہاہے کہ اللہ تعالیٰ کا شکرہے جس نے پاکستان اور مصیبت زدہ عوام کے لئے بہتری کی راہ کھولی،9 ارب ڈالر سے زائد رقم سیلاب متاثرین اور پاکستان کی بحالی میں غیبی مدد سے کم نہیں،اتنی بڑی رقم کا پاکستان کو ملنا موجودہ اتحادی حکومت پر دنیا کے اعتماد کا مظہر ہے ۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ یہ اکائیوں اور بائیس کروڑ عوام کے اتحاد کی کامیابی ہے، یہ پاکستان کے ٹیم ورک کی کامیابی ہے ،وفاق اور اکائیوں کے اسی ٹیم ورک اور قومی جذبے سے پاکستان اور عوام کو مشکلات کی دلدل سے نکالیں گے ،اس امانت کو دیانتداری، شفافیت اور تھرڈ پارٹی آڈٹ سے حقداروں تک پہنچائیں گے ۔انہوںنے کہاکہ تمام عالمی پارٹنرز بالخصوص سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کا تہہ دل سے شکرگزار ہوں ،ہمیشہ مہربان بھائی سعودی عرب،عظیم دوست چین، برادر ملک ترکیہ کی قیادت کے مشکور ہیں ۔ ٕ

انہوںنے کہاکہ ولی عہد اور سعودی عرب کے وزیراعظم عزت مآب شہزادہ محمد بن سلمان کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے کانفرنس کے علاوہ پاکستان کی مالی معاونت کا فراخ دلانہ اور برادرانہ قدم اٹھایا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کے عظیم برادر ممالک متحدہ عرب امارات اور قطر کی قیادت کا خاص طور پر شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ یورپی یونین، امریکہ، جرمنی، جاپان، فرانس سمیت کانفرنس میں شریک تمام ملکوں کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ عالمی مالیاتی اداروں کا شکریہ جنہوں نے 3 کروڑ 30 لاکھ سیلاب متاثرین کی مشکلات کو سمجھا ۔ انہوںنے کہاکہ اسلامی ترقیاتی بینک ، ورلڈبینک، اے ڈی بی، یوایس ایڈ ، ڈیفیڈ اور دیگر اداروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔ انہوںنے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں وزارت خارجہ نے کانفرنس کے مقاصد کے حصول میں نہایت متحرک اور قابل تحسین کردار ادا کیا۔

انہوںنے کہاکہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کانفرنس کو پاکستان کو درپیش مالی مشکلات سے آگاہ کرنے، سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے درکار وسائل کی فراہمی اور عالمی مالیاتی اداروں کو قائل کرنے میں اہم کردار ادا کیا ۔ انہوںنے کہاکہ احسن اقبال کے صوبوں کی مشاورت سے ہنگامی بنیادوں پر تیار کردہ 4 آر ایف کی جامع دستاویز تیار کی جس کی وجہ سے یہ رقوم پاکستان کو ملنا ممکن ہوسکا، اس دستاویز میں نقصانات اور بحالی کے لئے مستقبل کا خاکہ دیاگیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ احسن اقبال، شیری رحمن، سردار ایاز صادق، حنا ربانی کھر اور مریم اورنگزیب کو ان کی بہترین کاوشوں پر شاباش دیتا ہوں ۔ انہوںنے کہاکہ جینوا کانفرنس کی کامیابی کے لئے تمام متعلقہ وزارتوں اور محکموں کی تحسین کرتا ہوں ،آپ سب نے ‘ٹیم پاکستان’ بن کر پاکستان کے لئے کامیابی حاصل کی، آپ سب پر فخر ہے ،الحمداللہ ، پاکستان مشکلات کے بھنور سے نکل رہا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اللہ تعالیٰ کی مدد اور عوام کے تعاون سے پاکستان کی طرف بڑھتی ہر مشکل کا جرات ودانائی سے مقابلہ کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں