آسٹریلیا

ورلڈکپ،آسٹریلیاکو مسلسل دوسری شکست

لکھنو (عکس آن لائن)آئی سی سی ورلڈکپ کے دسویں میچ میں جنوبی افریقا نے آسٹریلیا کو با آسانی 134رنز سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی،جنوبی افریقا کے 312رنز کے ہدف کے تعاقب میں پوری آسٹریلوی ٹیم 41ویں اوور میں 177رنز پر ڈھیر ہوگئی، مارنس لبوشین 46رنز بناکر نمایاں رہے،

رواں ورلڈکپ میں جنوبی افریقا کی یہ مسلسل دوسری کامیابی جبکہ آسٹریلیا کی مسلسل دوسری شکست ہے ،شاندار بیٹنگ کرنے پر جنوبی افریقا کے کوئنٹن ڈی کوک کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لکھنو کے رتن شری اٹل بہاری واجپائی ایکانا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ۔

جنوبی افریقا کی جانب سے ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی، کوئٹزی کی جگہ تبریز شمسی کو شامل کیا گیا جبکہ آسٹریلیا نے ٹیم میں 2تبدیلیاں کیں، کیمرون گرین اور ایلکس کیری کی جگہ مارکس اسٹوئنس اور جوش انگلس کو شامل کیا گیا۔جنوبی افریقا نے مقررہ 50اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 311رنز بنائے، ڈی کوک 109اورایڈم مارکرم 56رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔جنوبی افریقا کی جانب سے اننگز کا آغاز اوپننگ بیٹر کوئنٹن ڈی کوک اور کپتان ٹیمبا باووما نے کیا،دونوں کے درمیان 108رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پھر باووما 20ویں اوور میں گلین میکسویل کی گیند پر 35رنز بناکر کیچ آئوٹ ہوگئے۔

جنوبی افریقا کو دوسرا نقصان وین ڈر ڈوسن کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 26رنز پر پویلین لوٹ گئے۔دو وکٹیں گرنے کے بعد کوئنٹن ڈی کوک اور مارکرم نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی اور گرائونڈ کے چاروں اطراف دلکش شاٹس لگائے،اس دوران ڈی کوک نے رواں ورلڈکپ میں مسلسل دوسری سنچری بنائی۔تاہم ڈی کوک 109رنز بناکر آئوٹ ہوئے جبکہ مارکرم نے 56رنز کی اننگز کھیلی۔

اس کے علاوہ کلاسن نے 29، ڈیوڈ ملر نے 17اور مارکو جینسن نے 26رنز بنائے، یوں جنوبی افریقا نے مقررہ 50اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 311رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک، گلین میکسویل نے 2،2جبکہ ہیزل ووڈ، کمنز اور زیمپا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جنوبی افریقا کے 312رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹاپ آرڈر ریت کی دیوار ثابت ہوا،کوئی بھی بیٹر افریقی بولرز کی شاندار بولنگ کے سامنے جم کر نہ کھیل سکا۔ہدف کے تعاقب میں 70کے مجموعی اسکور پر آسٹریلیا کے 6بیٹرز پویلین لوٹ چکے تھے، مچل مارش7، ڈیوڈ وارنر 13، اسٹیو اسمتھ 19، جوش انگلس 5، میکسویل 3 اور اسٹوئنس 5رنز بناکر آئوٹ ہوگئے۔

ایسے میں مارنس لبوشین نے جنوبی افریقی بولرز کے سامنے تھوڑی مزاحمت کی لیکن وہ بھی اپنی ٹیم کو جیت نہ دلواسکے اور 46رنز پر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔اس کے علاوہ مچل اسٹارک 27، کپتان پیٹ کمنز22، زیمپا نے 11رنز بنائے، یوں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 41ویں اوور میں 177رنز پر آئوٹ ہوگئی۔جنوبی افریقا کی جانب سے رباڈا نے 8اوورز میں 33رنز دے کر3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ مارکو جینسن ، کیشو مہاراج اور تبریز شمسی نے 2،2وکٹیں حاصل کیں۔ شاندار بیٹنگ کرنے پر جنوبی افریقا کے کوئنٹن ڈی کوک کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا کو رواں ورلڈکپ میں مسلسل دوسرے میچ میں شکست ہوئی جبکہ جنوبی افریقا نے مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی۔آسٹریلیا کو ورلڈکپ کے پہلے میچ میں بھارت نے شکست دی تھی جبکہ جنوبی افریقا نے سری لنکا کو ہرایا تھا۔
٭

اپنا تبصرہ بھیجیں