وائرس

وائرس شکلیں بدل رہا ہے، تمام ممالک ٹیسٹنگ اور نگرانی کا عمل جاری رکھیں’ ویکسین کیساتھ احتیاطی تدابیر اختیار کریں’ڈبلیو ایچ او

نیویارک (عکس آن لائن)عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وبا کے خلاف فتح کا اعلان قبل از وقت ہے۔اس حوالے سے سربراہ ڈبلیو ایچ او ٹیڈروس ایڈہانوم کا کہنا ہے کہ کسی بھی ملک کے لیے کورونا کے آگے ہتھیار ڈالنا یا فتح کا اعلان کرنا قبل از وقت ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ وائرس خطرناک ہے اور ہماری آنکھوں کے سامنے اس کا ارتقائی عمل ہو رہا ہے، کچھ ممالک کی طرف سے کورونا پابندیوں کو ختم کرنا تشویشناک ہے۔عالمی ادارے کے سربراہ کے مطابق کورونا کے زیادہ پھیلائو کا مطلب زیادہ اموات ہیں، اومی کرون کے اثرات زیادہ خطرناک نہیں لیکن دنیا کے بہت سے علاقوں میں اب اموات میں انتہائی تشویشناک اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔اومی کرون کا پہلا کیس رپورٹ ہونے کے بعد سے اب تک 9 کروڑ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جو سال 2020 کے کورونا کے مجموعی کیسز بھی زیادہ ہیں۔

سربراہ ڈبلیو ایچ او کا کہنا تھا کہ ہم ممالک سے لاک ڈائون کی صورتحال میں واپس جانے کو نہیں کہہ رہے، تمام ممالک اپنے لوگوں کی حفاظت کے لیے ویکسین کے ساتھ تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔انہوں نے کہا کہ وائرس شکلیں بدل رہا ہے، تمام ممالک ٹیسٹنگ اور نگرانی کا عمل جاری رکھیں، ہم وائرس سے نہیں لڑسکتے جب تک یہ نہ جان جائیں کہ یہ وائرس کیا کر رہا ہے۔یاد رہے کہ یورپی ملک ڈنمارک نے کورونا کیسز میں اضافے کے باوجود آج سے ملک میں تمام پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کیا ہے، ڈنمارک کورونا پابندیاں ختم کرنے والا یورپی یونین کا پہلا ملک بن گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں