لاہور( عکس آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما،انصاف ویلفیئر ونگ کے سیکرٹری جنرل جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ شہبازشریف کو بتاناچاہتے ہیں کہ اگر ملک میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہوتی تو کورونا فنڈز کے استعمال اور بیرون ممالک سے آنے والی امداد کے استعمال میں شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے ضرور پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کی ضرورت پیش آتی ،آج پاکستان میں عمران خان وزیر اعظم ہیں اور ساری دنیا ان کی ایمانداری اور شفافیت پر مبنی پالیسیوں کی معترف ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 127 میں کورونا وائر س کے خلاف آگاہی مہم کے حوالے سے پارٹی رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں میں زلزلہ ،سیلاب زدگان اور غریب بچوں کی تعلیم کے نام پر آنے والے غیر ملکی فنڈز تک ہضم کر لئے گئے اور اس بد ترین کرپشن کی ہوشربا کہانیاں بھی سامنے آ چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا کورونافنڈز کے استعمال اور بیرون ممالک سے آنے والی امداد کے استعمال کی مانیٹرنگ کے لئے پارلیمانی کمیٹی کے قیام کا مطالبہ مضحکہ خیز ہے کیونکہ آج پاکستان میں مسلم لیگ (ن) یا پیپلز پارٹی نہیں بلکہ تحریک انصاف کی حکومت ہے اور عوام نے اس جماعت کو شفافیت اور احتساب کے نام پر ووٹ دئیے ہیں۔
پوری دنیا وزیر اعظم عمران خان کی شفافیت اور میرٹ کی پالیسیوں کو سراہتی ہے اور ان کا بر ملا اعتراف بھی کیا گیا اس لئے شہباز شریف کو ہرگز پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔انہوں نے رہنمائوں کو ہدایت کی کہ عوام میں کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے اور حفاظتی تدابیر کے حوالے سے آگاہی دی جائے ،انشا اللہ لاک ڈائون میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ان کی مشکلات میں کمی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔